بھیڑ کی کھال میں چھپے بھیڑیوں سے ہوشیاررہنا ہوگا 

بھیڑ کی کھال میں چھپے بھیڑیوں سے ہوشیاررہنا ہوگا 

  

لاہور(فلم رپورٹر)نیوزی لینڈ کے بعد انگلینڈ بورڈ کی جانب سے ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار پر شوبز کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے اپنے پیغامات کے ذریعے اپنے غم و غصے کا اظہار کیا شوبز شخصیات کا کہنا ہے کہ بھیڑ کی کھال میں چھپے بھیڑیوں سے ہوشیار رہنا ہوگا۔واضح رہے کہ انگلینڈ نے گزشتہ روز اپنی ٹیمیں پاکستان بھیجنے سے معذرت کرلی، انگلش مینز اور ویمنز ٹیم کو اکتوبر میں پاکستان کا دورہ کرنا تھا۔ انگلش کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ سکیورٹی اطلاعات پر ٹیم پاکستان نہیں بھیج سکتے۔ ای سی بی کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں اور معاون عملے کی ذہنی اور جسمانی فلاح اولین ترجیح ہے، کھلاڑی کورونا کی وجہ سے ذہنی دباؤ کا شکار ہیں ان پر مزید دباؤ نہیں ڈال سکتے۔ سینئر اداکارہ وینا ملکنے کہا کہ بھیڑیوں کو کھانا کھلانے کے باوجود یہ سوتے میں آپ کو کھا جائیں گے ہمیں ہر حال میں بھیڑیوں سے بچنا ہو گا۔رائٹر ڈائریکٹر پرویز کلیم نے کہا کہ یہ ورلڈ کپ جیتنے کا وقت ہے،اب وقت آگیا ہے کہ پی ایس ایل کا سب سے بڑا سیزن پاکستان میں ہو۔ اداکارہ و گلوکار میگھانے کہا کہ یہ ا یک انتہائی افسوسناک خبر ہے کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے بھی دورہ ختم کردیاہے پاکستان کو اس سلسلے میں منہ توڑ جواب دینا ہوگا۔رائٹر ڈائریکٹر سید نور کا کہنا تھا کہ میرے پاس بالکل الفاظ نہیں ہیں،کبھی نہ بھولیں کہ پاکستان کرکٹ زندہ رہے گی، یہ ناصرف زندہ رہے گی بلکہ پھلے پھولے گی، پاکستان اور پاکستان کے لوگ کرکٹ کو بہت پسند کرتے ہیں۔  اداکارہ صبا قمر بھی پہلے نیوزی لینڈ اور اب انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے سیریز منسوخی کے اعلان سے افسردہ دکھائی دے رہی ہیں۔صبا قمرنے کہا کہ وہ پاکستان کے شائقین کرکٹ کے لیے افسردہ ہیں۔ ہم سو فیصد اپنی ٹیم کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم جلد دوبارہ مضبوط ہو کر اٹھیں گے۔سینئر اداکار راشد محمود نے کہا کہ کاش کہ دنیا پاکستان کے لوگوں کا کرکٹ کیلئے جذبہ اور محبت دیکھ سکے، ہم آگے بڑھتے رہیں گے، پاکستان زندہ باد۔ سینئر اداکار اشرف خان نے کہاکہ پاکستان کرکٹ کے لئے یہ افسوسناک خبر ہے،لیکن ہمیں مضبوط رہنا ہوگا،  ہم دوبارہ واپس آئیں گے۔سینئر اداکار و ڈائریکٹرسہراب افگن نے کہاکہ انگلش کرکٹ بورڈ کا فیصلہ انتہائی مایوس کْن ہے، لیکن یہ سب نیوزی لینڈ کا کِیا دھرا جس کے نتائج آج ہم بھگت رہے ہیں۔ 

شوبز شخصیات

مزید :

صفحہ آخر -