پاکستان مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے کوشاں ہے، پرویزالٰہی

پاکستان مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے کوشاں ہے، پرویزالٰہی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور(جنرل رپورٹر) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے اسمبلی چیمبر میں ملاقات کی۔ آزاد جموں و کشمیر کے پانچ رکنی پارلیمانی وفد میں ڈپٹی سپیکر ریاض گجر کے علاوہ قانون ساز اسمبلی کے ایم ایل اے دیوان غلام محی الدین اور حافظ حامد رضا شامل تھے۔ بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کے فنکشنل ہونے پر مبارکباد دی اور ایوان کو ختم نبوت کے حوالے سے قرآنی آیات اور احادیث مبارکہ سے مزین کرنے پر چودھری پرویزالٰہی کو خراج تحسین پیش کیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی خصوصاً پارلیمانی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری اور سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی بھی موجود تھے۔ دوران ملاقات چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے کوشاں ہے اور ہر فورم پر موثر انداز میں اس مسئلہ کو اجاگر کر رہا ہے۔ صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے کہا کہ ہندوستان نے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو کچلنے کیلئے تاریخ انسانی کے تمام مظالم کو مات دیدی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری عوام بھارت کے پنجہ استبداد سے نجات حاصل کرنے کیلئے ہر قسم کی قربانیاں دے رہے ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ظلم اور جبر سے کشمیریوں کو ان کے حق آزادی سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آزاد جموں و کشمیرکی موجودہ حکومت کشمیر کاز کو حل کرنے میں مددگار ثابت ہو گی اور آزاد کشمیر میں ترقی و خوشحالی آئے گی۔بعد ازاں سپیکرپنجاب اسمبلی نے صدر آزاد جموں و کشمیرکوپنجاب اسمبلی کے نئے ایوان اور مختلف شعبہ جات کا دورہ بھی کروایا۔
 پرویزالٰہی

مزید :

صفحہ آخر -