نئی صنعتوں سے اربوں روپے کی سرمایہ کاری آچکی: وزیر صنعت پنجاب 

  نئی صنعتوں سے اربوں روپے کی سرمایہ کاری آچکی: وزیر صنعت پنجاب 

  

 لاہور(لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ ن لیگ برسوں تک صوبے کے غریب عوام کی قسمت سے کھیلتی رہی، سابق دور حکومت میں وسائل نمائشی منصوبوں پر ضائع کرکے پنجاب کو 12سو ارب کا مقروض کیا گیا۔تحریک انصاف کی حکومت نے صرف 3 سالوں میں ترقی کے لحاظ سے پنجاب کو بدل دیا ہے۔صوبے کوتجارتی، سماجی اور معاشی سرگرمیوں کا مرکز بنا دیا گیا ہے۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے اپنے کیمپ آفس میں پارٹی کارکنوں کے وفد سے ملاقات کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کارکن پارٹی کا اثاثہ ہیں،پارٹی کارکن عوام سے قریبی رابطہ رکھیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ سابق دور میں انڈسٹریل اسٹیٹس کے نام پر پراپرٹی کا کاروبار ہوتا رہا۔تحریک انصاف کی حکومت نے صنعتی مراکز آباد کرکے روزگار کے مواقع بڑھائے،صنعتی مراکز میں نئی صنعتیں لگنے سے اربوں روپے کی سرمایہ کاری ہو چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت محروم معیشت طبقات کی معاونت کی جارہی ہے،حقداروں کو ان کا حق دینے کیلئے ٹارگٹڈ سبسڈی کاپروگرام لا رہے ہیں۔ میاں اسلم اقبال نے کہا کہ اپوزیشن کی منفی سیاست کا جواب عوامی خدمت سے دیں گے۔تیزرفتارترقی سے خائف اور مایوسی کا شکار اپوزیشن اپنے منفی رویوں اور سوچ کو بدلے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان اپنی حقیقی منزل کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے۔

مزید :

کامرس -