گجرات چیمبر آف کامرس وفد کا بہاولپور کادورہ، صنعت کاروں سے ملاقاتیں
بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر)بہاولپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (بقیہ نمبر19صفحہ6پر)
کے صدر تنویر محمود کی دعوت پر گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد نے صدر گجرات چیمبر وحید الدین کی قیادت میں بہاولپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دو روزہ وزٹ کیا۔وفد میں ایگزیکٹو اراکین غلام محی الدین، مرزا الطاف بیگ، سابق نائب صدر قمر خورشید، سابق ایگزیکٹو رکن امتیاز کوثر اور سیکرٹری جنرل چیمبر محمدعثمان مظفر شامل تھے۔ بہاولپور پہنچنے پر گجرات چیمبر کے وفد کو اسلامیہ یونیورسٹی آف بہاولپور کے علاوہ بہاولپور میں قائم مختلف محلات، سنٹرل لائبریری، ریجنل بلڈ سنٹر، بہاولپور گریژن اور قلعہ ڈراوڑ اور ہیڈ پنجند کا وزٹ کرایا گیا۔ گجرات چیمبر کے وفد کی ڈپٹی کمشنر بہاولپور عرفان علی کاٹھیا سے بھی ملاقات کرائی گئی۔گجرات چیمبر کے وفد کی وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب سے بھی ملاقات ہوئی اور اس موقع پر اسلامیہ یونیورسٹی اور گجرات چیمبر آف کامرس کے درمیان مفاہمتی یاد داشت پر دستخط بھی کیے گئے۔مفاہمتی یاد داشت پر دستخط کے بعد وائس چانسلر نے کہا کہ جامعہ اسلامیہ بہاولپور چیمبر آف کامرس کی طرح ملک کے دیگر چیمبر ز آف کامرس کے ساتھ تعاون اور اشتراک کے لیے معاہدے کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہاولپور چیمبر کے ساتھ اسلامیہ یونیورسٹی کے مابین مسلسل روابط قائم ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ چولستان جیپ ریلی کے موقع پر بہاولپور چیمبر آف کامرس کی جانب سے ٹریڈ فیئر کا انعقاد بھی ایک روایت بن چکی ہے اور اسلامیہ یونیورسٹی اور بہاولپور چیمبر کے باہمی اشتراک سے یہ روایت قائم رکھی جائے گی او ر آئندہ گجرات چیمبر آف کامرس کو بھی اس روایت میں شامل کیا جائے گا۔اس موقع پر صدر بہاولپور چیمبر تنویر محمود نے کہا کہ ہم گجرات چیمبر کے عہدیداران کو بہاولپور آمد پر دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی ملک کی ٹاپ یونیورسٹیوں میں شامل ہے اور مختلف شعبہ جات میں نمایاں کام کر رہی ہے۔ بہاولپور چیمبر کے وزٹ پر گجرات چیمبر آف کامرس کے صدر وحید الدین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بہاولپور ایک روائتی، ثقافتی اورتاریخی شہر ہے اور یہاں کی تاریخی عمارات بہاولپور شہر کا حسن ہیں۔ انہوں نے اسلامیہ یونیورسٹی اور گجرات چیمبر کے مابین MOUپر بھی خوشی کا اظہار کیا، اسی طرح انہوں نے بہاولپور چیمبر کی جانب سے مہمان نوازی پر بھی صدر چیمبر تنویر محمود، سینئر نائب صدر غلام فرید، نائب صدر محمد منیب ملک،ایگزیکٹو اراکین ملک محمد اعجاز ناظم اور احمد علی جبار کا بھی خصوصی شکریہ اداکرتے ہوئے اظہار تحسین کیا۔چیمبر آمد پر مہمانوں کے اعزاز میں بہاولپور چیمبر کی جانب سے سوینئر پیش کیے گئے اور روائتی اجرکیں پہنائی گئیں۔
ملاقاتیں