مہنگائی، بے روزگاری اور شریعت سے متصادم قانون سازی ، جماعت اسلامی نے  24 ستمبر کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کردیا 

مہنگائی، بے روزگاری اور شریعت سے متصادم قانون سازی ، جماعت اسلامی نے  24 ...
مہنگائی، بے روزگاری اور شریعت سے متصادم قانون سازی ، جماعت اسلامی نے  24 ستمبر کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کردیا 

  

حافظ آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف نے کہا ہے کہ حکمرانوں کے مفادات عروج پر اور 22 کروڑ عوام کی قسمت ڈوب گئی ہے ،پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) نے تین سال میں ملک کو ترقی پذیر سے زوال پذیر کر دیا ،جماعت اسلامی حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کر رہی ہے ،اپوزیشن کی بڑی سیاسی جماعتیں حکومت کیساتھ فکس میچ کھیل رہی ہے، ان کو عوام کے نہیں اپنے مفادات عزیز ہیں،کیا وزیر اعظم عمران خان صاحب قوم کو بتانا پسند کریں گے کہ اگر ان کی ٹیم پلس ہے تو ملک مائینس میں کیوں چل رہا ہے؟

سابق صدر بار ، چیرمین پریس کلب میں خالد محمود تہامی ایڈووکیٹ کی وفات پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قیصر شریف نے کہا کہ جماعت اسلامی آنے والے دنوں میں حکومت کے ظالمانہ اقدامات کے خلاف احتجاج میں مزیدشدت لائے گی،ملکی معیشت جو پہلے ہی سابقہ حکومتوں کی پالیسیوں کی وجہ سے کمزور اور لاچار تھی اب مکمل تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے،کمرتوڑ مہنگائی، بیروزگاری کی شرح میں ہوش ربا اضافہ اور حکمرانوں کی دیگر عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے جمعہ 24 ستمبر کو ملک گیر احتجاج کی کال دی ہے، جماعت اسلامی ملک بھر میں حکومت مخالف تحریک کو لیڈ کرئے گی اب وقت آ گیا ہے کہ حکمرانوں کو واضح پیغام دیں کہ عوام اب مزید ظلم اور ناانصافی سہنے کے متحمل نہیں ہو سکتے،حکمران اپنا قبلہ درست کریں یا گھر جانے کی تیاری کرلیں۔

قیصر شریف نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملکی تاریخ کا سب سے زیادہ قرضہ لیا اور عوام کومجموعی طور پر پچاس ہزار ارب کے لگ بھگ مقروض کردیا، ایک طرف آئی ایم ایف اور دیگر عالمی مالیاتی اداروں نے ملک کو نرغے میں لے رکھا ہے دوسری جانب مختلف مافیاز نے عوام کی گردن دبوچ رکھی ہے، سودی معیشت، کرپشن اور بیڈ گورننس کی وجہ سے پاکستان ہر آئے روز استحکام کے حصول کی منزل سے سالوں دور جارہا ہے،عوام اس فرسودہ نظام اور اس کے رکھوالوں کو مسترد کریں اور فلاحی اسلامی پاکستان بنانے کے لیے جماعت اسلامی کے ہم قدم بنیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے گیس کی قیمتوں میں تیس فیصد کے قریب اضافہ کا منصوبہ بنایا ہے، بجلی پر سبسڈی ختم کرنے کا بھی اعلان ہواہے، پٹرول کی قیمت پر آدھی سے زیادہ لیوی لی جارہی ہے، ادویات کی قیمتوں میں گزشتہ تین برسوں میں تیرہ بار اضافہ ہوا ہے، اشیائے خوردونوش جن میں بنیادی ضرورت کی اشیاء مثلاً دالیں، گھی، چینی، آٹا وغیرہ شامل ہیں کی قیمتیں سو سے تین سو فیصد بڑھی ہیں،زرعی ادویات، کھاد، بیج اور زرعی ٹیکنالوجی وغیرہ عام کسان کی پہنچ سے دور ہیں، ڈی اے پی کھاد کی بوری جو تین سال قبل تین ہزار کی تھی اب چھ ہزار سے اوپر کی ملتی ہے، دوسری طرف بیروزگاری کا طوفان نہیں تھم رہا، وزیراعظم نے ایک کروڑ نوکریاں دینے کااعلان کیا مگر الٹا پچاس لاکھ کو مزیدبے روزگار کردیا، مارکیٹ میں روزی کمانے کے ذرائع مخدوش ہوگئے ہیں،مزدور، کسان، سرکاری ملاز م سب بے حال ہیں، کاروباری حضرات کی اکثریت اور خاص کر کے چھوٹا تاجر حالات کا رونا رو رہا ہے۔

قیصر شریف نے کہایہ سب نااہل حکمرانوں کی نااہل پالیسیوں کی وجہ سے ہیں، پاکستان کو اللہ تعالی نے تمام نعمتوں سے نوازا ہے، ہمارے پاس وسائل کی کمی نہیں مگر حکمرانوں کی نیت کا مسئلہ ہے جو اپنی جیبیں بھر کر عوام کو مجبور اور محروم رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ جمعہ کو اپنے حق کے لیے گھروں سے نکلیں اور جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم سے پرامن احتجاج کریں، اگر عوام نے جماعت اسلامی کا ساتھ دیا تو اللہ تعالی کی تائید و نصرت سے ملک کو ترقی کی شاہراہ پر ڈالیں گے۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -حافظ آباد -