مریم نواز آزاد کشمیرانتخابات میں ن لیگ کی بدترین شکست کے بعد بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، سردار تنویر الیاس نے ن لیگی نائب صدر کو آڑے ہاتھوں لے لیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر اور ریاست کے سینئر وزیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ مریم نواز آزاد کشمیرانتخابات میں ن لیگ کی بدترین شکست کے بعد بوکھلاہٹ کا شکار ہیں ،غیور کشمیریوں نے ن لیگ کو مسترد کر کے ثابت کیا ہے کہ آزاد کشمیر عمران خان کا ہے اور کشمیری ن لیگ کے جھوٹے بیانئے کو کوئی اہمیت نہیں دیتے، ن لیگ کے دور میں آزاد کشمیر میں کشمیری محکومی کی زندگی گذار رہے تھے ،وزیراعظم عمران خان نے اپنے کردار سے ثابت کیا ہے کہ وہی کشمیریوں کے حقیقی سفیر بھی ہیں اور وکیل بھی ،ملک بھر کی طرح آزاد کشمیر کی سیاست میں ن لیگ کے لئے اب کوئی جگہ نہیں ،دو نمبر بیانئے والی ن لیگ اب جگہ جگہ اپنی صفائیاں دے رہی ہے لیکن قوم ان مداری سیاست دانوں کے جھانسے میں نہیں آئے گی ،حال بھی تحریک انصاف کا ہے اور انشاءاللہ مستقبل بھی تحریک انصاف کا ہی ہو گا ۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران مریم نواز شریف کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئےسردار تنویر الیاس خان کا کہنا تھا کہ ن لیگ میں اندرونی سطح پر رسہ کشی جاری ہے، چچا بھتیجی ذاتی مفاد اور حصول اقتدار کے لئے ایک دوسرے کو برداشت کر رہے ہیں،بہت جلد ن لیگ کے دو نمبر بیانئے کی دال جوتیوں میں بٹتی ہوئی نظر آئے گی ،حکومت کی سمت درست ہے،دن بدن حالات بھی مزید بہتر ہوں گے اور ملک بھی ترقی کرتا دکھائی دے گا۔انہوں نے کہاکہ نواز شریف کا بیانیہ ملک کو لوٹنااور لندن میں بیماری کے نام پر عیاشی کرنا ہے،عدالتوں سے سزا یافتہ مجرم قوم کو بھاشن دینا بند کردیں ،اِن کی آواز دیواروں سے ٹکرا کر انہیں ہی سنائی دیتی ہے،قوم ان کے بھاشن سن سن کر تنگ آ چکی ہے،نواز شریف کی جنگ "ووٹ کی عزت"اور حق کی جنگ نہیں بلکہ لوٹی ہوئی دولت بچانے کی تگ و دو ہے،قومی سلامتی کے ادروں کو بے توقیر کرنے اور پارلیمنٹ کو اہمیت نہ دینے والے ن لیگی قائدین کس منہ سے وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے اور جمہوریت کی مالا جپتے ہیں ؟ان کے منہ سے جمہوریت اور پارلیمنٹ کی باتیں اس صدی کا سب سے بڑا مذاق ہے۔
سردار تنویر الیاس خان کا کہنا تھاکہ آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے ،وزیراعظم عمران خان کے ویژن اور بے لوث قیادت میں ہم جنت نظیر وادی کو کرپشن سے مکمل پاک کرتے ہوئے بےروزگاری کے خاتمے ،کاٹیج انڈسٹری اور صنعتوں کی تعمیر،آئی ٹی پارکس کا قیام ،انفراسٹریکچر کو بہتر کرتے ہوئے سیاحت کے شعبے میں مزید جدت لائیں گے جبکہ احتساب ایکٹ میں ترمیم کرتے ہوئے ایسا بے مثال نظام متعارف کروائیں گے کہ کوئی بھی شخص کرپشن کرنے سے پہلے ہزار بار سوچے گا ۔
لائیو سٹاک