لندن میں موجود سابق وزیر اعظم نواز شریف نے پاکستان سے کورونا ویکسین لگوالی؟ حیران کن خبر آگئی

لندن میں موجود سابق وزیر اعظم نواز شریف نے پاکستان سے کورونا ویکسین لگوالی؟ ...
لندن میں موجود سابق وزیر اعظم نواز شریف نے پاکستان سے کورونا ویکسین لگوالی؟ حیران کن خبر آگئی
سورس: File

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) دنیا بھر سمیت پاکستان میں بھی کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ویکسی نیشن مہم زور و شور سے جاری ہے۔ پاکستان میں روزانہ کی بنیاد پر لاکھوں افراد کو ویکسین لگائی جا رہی ہے لیکن آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کا نام بھی پاکستان سے ویکسی نیشن کرانے والے افراد میں شامل کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے جماعت اسلامی کے مرکزی ترجمان قیصر شریف نے اپنے ایک ٹویٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ سابق وزیر اعظم کا شناختی کارڈ نمبر لاہور میں ویکسی نیشن کرانے والے افراد میں درج کیا گیا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ یہ کیا ماجرا ہے؟قیصر شریف کا نواز شریف کو ویکسین لگائے جانے کے حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’اس سے تبدیلی حکومت کے نظام اور شفافیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔‘

جماعت اسلامی کے ترجمان کی جانب سے  ٹویٹ کیے گئے شناختی کارڈ نمبر کو جب روزنامہ پاکستان کی ٹیم نےتصدیق کیلئے الیکشن کمیشن کی ووٹ چیک کرنے کیلئے دی گئی سروس 8300 پر ایس ایم ایس کیا گیا تو شناختی کارڈ کا پتہ ایچ بلاک ماڈل ٹاؤن کا آیا۔ واضح رہے کہ  جاتی امرا رائیونڈ کے علاوہ ماڈل ٹاؤن لاہور کے ایچ بلاک میں بھی شریف برادران کی رہائش ہے۔

اسی شناختی کارڈ نمبر کو جب کورونا ویکسین کی رجسٹریشن کیلئے قائم کی گئی ہیلپ لائن 1166 پر بھیجا گیا تو پیغام موصول ہوا کہ مذکورہ شناختی کارڈ کے حامل کو آج (22 ستمبر 2021) کو سائنو ویک ویکسین کی پہلی ڈوز لگا دی گئی ہے۔

اسی شناختی کارڈ نمبر کی تصدیق کیلئے جب عدالتی کاغذات کا جائزہ لیا گیا تو یہ واضح ہوگیا کہ یہ شناختی کارڈ نمبر سابق وزیر اعظم کا ہی ہے۔ انہوں نے عدالت میں جمع کرائے گئے اپنے بیانِ حلفی میں یہی شناختی کارڈ نمبر درج کیا ہے۔

واضح رہے کہ  سابق وزیر اعظم نواز شریف طویل عرصے سے لندن میں مقیم ہیں لیکن اس کے باوجود ان کو پاکستان میں ویکسین لگ جانا کافی حیران کن بات ہے۔

مزید :

Breaking News -اہم خبریں -قومی -