ہم بدترین تباہی سے دوچار، تعمیر نووبحالی میں بھرپور کردارادا کرینگے 

ہم بدترین تباہی سے دوچار، تعمیر نووبحالی میں بھرپور کردارادا کرینگے 

  

اسلام آباد (آئی این پی)چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز نے کہاہے کہ سیلاب زدہ علاقوں میں ہلالِ احمر پاکستان کی خدمات قابلِ ستائش ہیں۔ ہم تاریخ کی بدترین تباہی سے دوچار ہیں،متاثرہ علاقوں میں طبی سہولیات،پینے کا صاف پانی، گھریلو ضرورت کا سامان اور نفسیاتی امداد سے متاثرین کی دِلجوئی ہوئی ہے۔ اِن خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو  چیئرمین ہلالِ احمر سردار شاہد احمد لغاری کی این ڈی ایم اے آمد کے موقع پر کیا۔ لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز نے سردارشاہد احمد لغاری کو ہلالِ احمر کی قیادت سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے اِس امر کااظہار کیا کہ دونوں ادارے مل کر متاثرین سیلاب کیلئے خاطر خواہ اقدامات اٹھائیں گے۔ اِس موقع پر سردار شاہد احمد لغاری نے سندھ، بلوچستان، جنوبی پنجاب اور خیبرپختونخوا کے سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورے، متاثرین کو امدادی سامان کی فراہمی سے متعلق تفصیلی آگاہی دی۔سردار شاہد احمد لغاری نے آنے والے دِنوں میں متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے بھی بتایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آرمی، پاکستان نیوی کی جانب سے سیلاب متاثرین کیلئے میڈیکل کیمپس، کھانے پینے کی اشیا کی فراہمی بھی قابل ِ رشک ہے۔ دونوں رہنماں نے آنے والے دِنوں میں مشترکہ اقدامات پر اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ ہر متاثرہ شخص کی بھرپور مدد کی جائے گی اور تعمیر ِ نو و بحالی کے مرحلے میں بھی اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔دوسری جانب پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) ملک بھر میں سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں ٹیلی کام سروسز کی جلد از جلد بحالی کو یقینی بنانے کے لیے اگست کے وسط سے تمام موبائل فون آپریٹروں کے ساتھ مل کر بھرپور اور مسلسل اقدامات کر رہی  ہے،  28اگست 2022کو 3386سائٹس متاثر ہوئیں جن میں سے 3251سائٹس یعنی 96 فیصد سائٹس بحال کر دی گئیں۔ بدھ کو پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پی ٹی اے کی فیلڈ ٹیمیں اس ضمن میں ٹیلی کام آپریٹروں، سول اور آرمی اتھارٹیز کے ساتھ متاثرہ ٹیلی کام انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے مسلسل رابطے میں رہی ہیں۔

این ڈی ایم اے 

مزید :

صفحہ آخر -