فیصلہ کن لانگ مارچ،حکمرانوں پر لرزہ طاری، شاہ محمود

فیصلہ کن لانگ مارچ،حکمرانوں پر لرزہ طاری، شاہ محمود

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
ملتان(نیوزرپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملک تاریخ کے نازک ترین موڑ پر ہے۔ قوم مشکل میں ہے۔ بجلی کے بلوں نے عوام کو پریشان کر رکھا ہے۔ مہنگائی نے سفید پوش طبقے نے کمر توڑ دی ہے۔ تحریک انصاف امپورٹڈحکمرانوں کی ناکام معاشی پالیسیوں اور مہنگائی کے طوفان کے خلاف آواز بلند کرے گی۔ (بقیہ نمبر47صفحہ6پر)
عوام کی آواز میں آواز ملائے گی۔ عوام کی پریشانی کو دیکھتے ہوئے عمران خان نے مہنگائی بجلی کے بلوں میں اضافے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے ناکام معاشی پالیسیوں اور بیڈ گورننس کے خلاف فیصلہ کن تحریک چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکمرانوں پر بوکھلاہٹ طاری ہوچکی ہے۔ اسلام آباد جانے والے راستے سیل کئے جا رہے ہیں۔ اب بھی وقت ہے نا اہل اور امپورٹڈ حکمران اقتدار چھوڑ کر عوام کی عدالت میں جائیں عوام جس کو مینڈیٹ دیں گے وہ سب کو قبول کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز این اے 157 کی مختلف یونین کونسلوں یونین کونسل پنج کوہا، متی تل میں ملک مرتضی اٹھنگل کے زیر اہتمام جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں چودھری خالد جاوید وڑائچ حاجی نذر عباس ملک حسنین رضا اٹھنگل ملک امجد کھوکھر و علاقہ کی سرکردہ شخصیات نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا گزشتہ شب ایک بار پھر خاموشی سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کردیا گیا ہے۔ عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی۔جبکہ پاکستان میں گزشتہ تین ماہ سے وقفے وقفے سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ سمجھ نہیں آرہی حکومت کس سمت میں جا رہی ہے۔ ایسا محسوس ہو رہا ہے حکومت غربت کے خاتمے میں نہیں بلکہ غریبوں کو ختم کرنے کے ایجنڈے پر گامزن ہے۔ عوام امپورٹڈ حکومت کی مہنگائی کے سیلاب سے چھٹکارا پانے کیلئے عمران خان کا ساتھ دیں۔ اور ضمنی انتخابا ت میں پی ڈی ایم کے امیدواروں کو مسترد کریں۔ انہوں نے کہا حکمران ملک کو بند گلی کی طرف دھکیل رہے ہیں۔ اب بھی وقت ہے حکمرانوں کو اقتدار سے فی الفور الگ کرکے نئے انتخابات کا اعلان کیا جائے۔ جتنے دن یہ لوگ اقتدار میں رہیں گے ملک اور قوم دونوں مشکل میں رہیں گے۔ ملک کو معاشی استحکام سے نجات دلانے کیلئے فی الفور انتخابات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا حکمرانوں کی عیاشیاں ختم نہیں ہو رہی۔ ملک سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے اور شہباز شریف غیر ملکی دوروں پر ہیں۔ شہباز شریف کی اس سے بڑی نا اہلی کیا ہوگی عدالت کی جانب سے ایک نا اہل شخص سے اہم ملکی معاملات پر فیصلے کروا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا عوام پی پی ن  لیگ دونوں جماعتوں کی قیادت کی کرپشن اور نا اہلی کیوجہ سے مسترد کر چکے ہیں۔ پاکستان کی عوام نے دونوں جماعتوں کی قیادت کو 2018 میں بھی مسترد کیا۔ حالیہ ضمنی انتخابات میں بھی پاکستان کی عوام نے دونوں جماعتوں کو مسترد کیا۔ اور اب انشا اللہ آنے والے انتخابات میں بھی پاکستان کی عوام نے ذہن بنا لیا ہے کہ پی ڈی ایم کے ٹولے کو مسترد کرکے عمران خان کا ساتھ دینا ہے۔ انہوں نے کہا این اے 157 کا ضمنی انتخاب دو نظریوں کا انتخاب ہے۔ ایک نظریہ ملک بچانے کا نظریہ ہے۔ دوسرا نظریہ ملک لوٹنے والوں اور مفادات کی سیاست کا نظریہ ہے۔ عوام ملک لوٹنے والوں کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔ این اے 157کی عوام عمران خان کے نظریہ پر کار بند رہتے ہوئے 16اکتوبر کو ضمیر فروشوں اور لوٹوں کو عبرتناک شکست دیں گے۔ این اے 157 کے عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ 16 اکتوبرکو پی ٹی آئی امیدوار مہر بانو قریشی کو ووٹ دیکر عمران خان کے نظریہ کو کامیاب بنائیں۔ فیصلے کا وقت آن پہنچا ہے۔ 16اکتوبر کو عوام نے بلا چلانا ہے اور بلا اس طرح چلنا ہے تمام گیندیں بانڈری سے باہر ہونگی۔اس موقع پر عوام کی جانب سے پی ٹی آئی کی بھر پور پذیرائی کی گئی۔ اور تحریک انصاف کی امیدوار محترمہ مہر بانو قریشی کی بھر پور حمایت کا اعلان کیا گیا۔