نیشنل مشائخ کونسل کے وفد کی ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کیساتھ ملاقات

  نیشنل مشائخ کونسل کے وفد کی ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کیساتھ ملاقات

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نمائندہ خصوصی)نیشنل مشائخ کونسل پاکستان کے مرکزی قائدین کے وفد نے گزشتہ روز ڈاکٹر حسن محی الدین قادری چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن  انٹرنیشنل سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔وفد نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری اور ادارہ منہاج القرآن کی دینی خدمات کو سراہا۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ ہمارا مقصد حیات آقائے دوجہاں ؐ کی تعلیمات کو اس کی روح کے مطابق موجودہ اور آئندہ نسلوں تک پہنچانا ہے۔ علماء  قرآن و سنت کی تعلیمات کے محافظ و وارث ہیں۔ انہوں نے علماء و مشائخ کو مینار پاکستان لاہور کے سبزہ زار میں ہونے والی عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔

 ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے بتایا کہ عالم عرب سے جید علماء  و شیوخ کانفرنس میں شرکت کر رہے ہیں۔وفد میں دیوان عظمت محمود آستانہ عالیہ پاکپتن شریف مرکزی رہنما نیشنل مشائخ کونسل پاکستان، خواجہ غلام قطب الدین فریدی سجادہ نشین آستانہ عالیہ گڑھی شریف صدر نیشنل مشائخ کونسل پاکستان،صاحبزادہ سعید احمد صابری سجادہ نشین آستانہ عالیہ اوکاڑہ شریف صوبائی صدر نیشنل مشائخ کونسل پاکستان،پیر سید محمد تنویر بخاری ایگزیکٹو ممبر نیشنل مشائخ کونسل پاکستان،صاحبزادہ سید سلیمان قمر سجادہ نشین آستانہ عالیہ ماہنی شریف صدر نیشنل مشائخ کونسل پاکستان ضلع جھنگ شامل تھے۔خواجہ غلام قطب الدین فریدی نے کہا کہ اس وقت اْمت فتنوں کی زد پر ہے۔ فتنے بارش کی طرح ہورہے ہیں۔ علماء  کی یہ اولین ذمہ داری ہے کہ وہ نفرتوں کو محبتوں میں بدلیں۔ بالخصوص نوجوانوں کو علم، امن اعتدال اور رواداری کی تعلیم دیں۔ علماء  و مشائخ کے وفد نے حضور داتا گنج بخش علی ہجویری رحمتہ اللہ علیہ کے عرس مبارک کے موقع پر منعقدہ عالمی کانفرنس سے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کے فکر انگیز خطاب پر انہیں زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ اس خطاب کو سوشل میڈیا پر زبردست پذیرائی حاصل ہوئی اور حضور داتا گنج بخش کی تعلیمات کو نوجوانوں تک پہنچانے میں مدد ملی۔مشائخ نے کہا کہ اس خطاب کو علمی حلقوں میں بھی بے حد سراہا گیا ہے۔