بلوچستان میں سیلاب سے اموات کا سلسلہ جاری ، جاں بحق افراد کی تعداد 304 ہو گئی

بلوچستان میں سیلاب سے اموات کا سلسلہ جاری ، جاں بحق افراد کی تعداد 304 ہو گئی
بلوچستان میں سیلاب سے اموات کا سلسلہ جاری ، جاں بحق افراد کی تعداد 304 ہو گئی

  

کوئٹہ (ڈیلی پاکستان آن لائن ) بلوچستان میں  گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سیلاب کے باعث ہونے والے حادثات میں مزید 3 افراد جاں بحق ہو گئے  ہیں، صوبے میں سیلاب کے باعث اب تک جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 304 ہو چکی ہے۔

نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں سیلاب کے نتیجے میں ہونے والے حادثات میں مرد اور خاتون سمیت ایک بچے کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی گئی ہے، جاں بحق ہونے والے تینوں افراد کا تعلق ضلع جعفر آباد سے ہے۔

پرونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں یکم جون سے اب تک جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 304 ہوگئی، جاں بحق ہونے والوں میں 138 مرد، 74 خواتین اور 92 بچے شامل ہیں، سب سے زیادہ ہلاکتیں کوئٹہ میں ہوئیں، کوئٹہ میں 40،ژوب سے 23 اور لسبیلہ سے 21 اموات رپورٹ ہوئیں،پی ڈی ایم اے کے مطابق اب تک صوبے بھر میں بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 184 افراد زخمی ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق سیلابی ریلوں اور بارشوں سے مجموعی طور پر 72 ہزار 235 مکانات کو نقصان پہنچا ،جبکہ 3 لاکھ5 ہزار 155 سے زائد مال مویشی سیلابی ریلوں کی نذر ہوچکے ہیں ، اب تک مجموعی طور پر 2 لاکھ ایکڑ زمین پر کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا جبکہ صوبے میں سیلابی ریلوں میں 24 پل گر گئے۔

پی ڈی ایم اے کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق بلوچستان بھر میں سیلاب اور بارشوں سے 2200 کلومیٹر پر مشتمل مختلف شاہراہیں بھی شدید متاثر ہوئیں۔

مزید :

قومی -