خواتین ڈکیت گینگ نے فیملی کو ہپناٹائز کر کے گھر کا صفایا کردیا، حیدر آباد میں مقدمہ درج
حیدرآباد(مانیٹرنگ ڈیسک) حیدرآباد میں ایک خواتین ڈکیت گینگ نے فیملی کو ہپناٹائز کرکے گھر کا صفایا کر دیا۔ نجی ٹی وی چینل 24کے مطابق خواتین ڈاکو حیدرآباد میں فورٹ پولیس سٹیشن کی حدود میں واقع جوتوں کے تاجر سہیل شیخ کے گھر میں گھس گئیں اور فیملی کو ہپناٹائز کرکے گھر میں موجود نقدی، طلائی زیورات اور لاکھوں روپے کی قیمتی اشیاءلوٹ کر فرار ہو گئیں۔
سہیل شیخ نے پولیس کو بتایا کہ اجنبی خواتین گھر میں آئیں اور ہمیں کہا کہ وہ کچھ کرتب دکھانا چاہتی ہیں۔ ہم نے انہیں اجازت دے دی۔ انہوں نے کرتب کے بہانے ہمیں ہپناٹائز کیا اورمیں نے اپنے ہاتھوں سے 20تولے سونے کے زیورات، نقدی اور قیمتی اشیاءان کو دے دیں۔ اس واردات میں ہمارا 40لاکھ روپے سے زائد کا نقصان ہوا ہے۔ یہ میری تمام عمر کی جمع پونجی تھی جو وہ لوٹ کر لے گئیں۔ رپورٹ کے مطابق پولیس نے نامعلوم خواتین کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔