ہمارے دلوں میں سعودی عرب اور اس کی عوام کے لیے بہت محبت ہے: آفتاب احمد کھوکھر

Sep 22, 2024 | 05:09 PM

جدہ(محمد اکرم اسد) اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے اسسٹنٹ سکریٹری جنرل آفتاب احمد کھوکھر نے سعودی عرب کو ان کے قومی دن (یوم الوطنی)کے موقع پر پاکستان کی جانب سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات پر فخر ہے، ہمارے دلوں میں سعودی عرب اور اس کی عوام کے لیے بہت محبت ہے، اللہ کے فضل سے ہمارا حال اور ہمارا مستقبل ہمیشہ کے لیے ایک ساتھ ہے، وہ یہاں سعودی عرب کی 94 سالگرہ پر پاکستانی میڈیا کیلئے کام کرنے والے صحافیوں کی طرف سے منعقدہ پروقار تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے، انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی ترقی میں پاکستان کی کمیونٹی کا بہت اہم کردار ہے اور یہ کردار آئندہ بھی جاری رہے گا انہوں نے کہا کہ اسی طرح سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے مشکل وقت میں پاکستان نے سعودی عرب کو اپنے ساتھ کھڑا پایا ہے انہوں نے کہا کہ صحافی پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو مزید تقویت دینے میں بہت اہم کردار ادا کر سکتے ہیں آپ اس چیز کو اجاگر کریں جس میں مثبت سوچ پیدا ہو۔ او آئی سی کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل برائے سائنس و ٹیکنالوجی آفتاب کھوکھر نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) میں پاکستان اور سعودی عرب کا بہت اہم کردار ہے ہم دونوں ملکوں کی کوشش ہے کہ اس پلیٹ فارم پر اکٹھے ہو کر مسلم ممالک کو درپیش مسائل کو حل کرسکیں،
تقریب میں صحافیوں کی بڑی تعداد کے علاوہ پریس قونصل چوہدری عرفان اور قونصلیٹ کے دیگر افسران نے شرکت کی۔ تقریب کی نظامت کے فرائض سینیئر صحافی امیر محمد خان نے سر انجام دیے، تقریب میں صحافیوں میں سید مسرت خلیل، امیر محمد خان، شاہد نعیم،جہانگیر خان،امانت اللہ، جمیل راٹھور، چوہدری ریاض گھمن، خالد نواز چیمہ، عدیل ریاض، محمد عدیل احمد فواد سواتی، شعیب الطاف، شباب بھٹہ، ساجد یامین اور سعودی عرب میں عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے لیے آئے ہوئے سینئر لکھاری عبید اللہ کیہر نے شرکت کی۔
تقریب کی نظامت کرتے ہوئے امیر محمد خان نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا جبکہ صحافی ریاض گھمن نے کہا کہ تمام پاکستانی اس بات پر خوشی کا اظہار کرتے ہیں ہمارا میزبان ملک سعودی عرب خادم الحرمین الشریفین اور ولی عہد محمد بن سلمان کی قیادت میں دن رات ترقی کی طرف گامزن ہے۔صحافی جہانگیر خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ جدہ کے صحافی شکر گزار ہیں کہ سفیر آفتاب کھوکھر نے تقریب میں شرکت کی انہوں نے کہا کہ جدہ کے صحافی ہمیشہ پاک سعودی دوستی کی مضبوطی کیلئے کام کرنے پر فخر محسوس کرتے ہیں۔تقریب کے اختتام پر سعودی عرب پاکستان کے قومی ترانوں کی دھن میں سعودی عرب کی 94 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور سعودی عرب کے ملی نغمے پیش کیے گئے۔

مزیدخبریں