بانی پی ٹی آئی عمران خان اسرائیلی لابی کا ایجنڈا ہے،احسن اقبال

Sep 22, 2024 | 05:52 PM

ظفروال (ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا ہے انہوں نے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے سنا تھا کہ  عمران خان اسرائیلی لابی کا ایجنڈا ہے۔

ظفر وال میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا اب کوئی پاکستانی بھول نہیں سکتا کہ عمران خان پروجیکٹ کا ماسٹر مائنڈ کون ہے، صیہونی لابی عمران خان کو پاکستان پر دوبارہ مسلط کرنےکی کوشش میں ہے، عمران خان نے لوگوں کو اسلامی ٹچ دے کر اپنا تشخص بنایا جس کا مقصد پاکستان اسرائیل تعلقات بنانا ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا یہ تیسرا مضمون ہے جو عمران خان کی حمایت میں شائع ہوا ہے، گولڈ اسمتھ سے بانی پی ٹی آئی کا رشتہ بہت مضبوط ہے، بانی پی ٹی آئی نے پاکستانیوں سے تعلق توڑ کر گولڈ اسمتھ خاندان سے تعلق جوڑا، عمران خان نے مہم چلائی صادق خان کو میئر لندن کیلئے ووٹ نہ دیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا سے زہر لوگوں کے ذہن میں اتارا جا رہا ہے، شہریوں کا اعتماد ختم ہو جائے تو ریاست اندرونی طور پر کھوکھلی ہو جاتی ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا ایک طرف بانی پی ٹی آئی کہتے ہیں مجھے امریکہ نے سازش کرکے نکالا، دوسری طرف امریکہ میں کانگریس کی حمایت میں قراردادپاس کراتے ہیں، ہم نے مولانا فضل الرحمان سے سنا تھا بانی پی ٹی آئی اسرائیلی لابی کا ایجنڈا ہے۔

رہنما مسلم لیگ ن کا کہنا تھا آج پاکستان کی معیشت اُٹھ رہی ہے اور مہنگائی کم ہو رہی ہے، ہمارے معاشی اعشاریے اوپر جا رہے ہیں، سٹاک مارکیٹ بہتر ہو رہی ہے، عمران خان کے جلسے جلوس اور دھرنے سی پیک کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے۔

مزیدخبریں