باہمی اشتراک و تعاون سے ہی محفوظ معاشرہ قائم کیا جا سکتا ہے،ڈاکٹر رضوان نصیر
لاہور(کرائم سیل) ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروسز(ریسکیو1122)ڈاکٹر رضوان نصیر کی ہدایت پر ریسکیو1122نے پنجاب بھر میں انٹرنیشنل ریسکیوارتھ ڈے منایا۔اس دن کی مناسبت سے پنجاب کے تمام اضلاع میں آگاہی سمینار، تقریری مقابلہ جات، شجر کاری، صفائی مہم اوردیگر سرگرمیاں منعقد کی گئیں جن کا مقصد معاشرتی زندگی کو درپیش ماحولیاتی خطرات اور زمین کے تحفظ کے اقدامات کے حوالے سے شہریوں میں آگاہی پیدا کرنا تھا۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروسز (ریسکیو1122)ڈاکٹر رضوان نصیر نے ریسکیو ارتھ ڈے کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ ماحولیاتی عدم توازن اور کرہ ارض کے درجہ حرارت میں اضافہ کی وجہ سے سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ، اوزون تہہ کے متاثرہونے سے بیماریوں اورروز بروز بڑھنے والے حادثات کی شرح کو کم کرنے کے لیے مل جل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ باہمی تعاون و اشتراک سے ہی ایک محفوظ معاشرے کا قیام عمل میں لایا جا سکتاہے۔ ڈاکٹر رضوان نصیرکا کہنا تھا یہ زمین ہماری ہے اور اس کو سر سبز بنانے کی ذمہ داری بھی ہماری ہے۔ ڈی جی ریسکیوپنجاب نے پنجاب بھر میں ہزاروں افراد کے زمین کے تحفظ کا حلف نامہ پرُ کرنے ،درختوں کی شجر کاری اورمختلف کیمپوں میں لوگوں کودیگر مہمات کے ذریعے آگاہی دینے پر ریسکیور اور ریسکیو رضا کاروں کو خراج تحسین پیش کیا۔مزید براں پنجاب بھر میں آگاہی واکس، سمینارز، اور دیگر تقاریب منعقد کی گئیں جن میں سکول، کالجز، یونیورسٹیز اور دیگر اداروں سے وابسطہ افراد نے شرکت کی ۔ واضح رہے کہ "ریسکیوارتھ ڈے بنیادی مقصد لوگوں میں اپنی زمین سے محبت اورتوانائی کے غیر ضروری استعمال سے اجتناب،ماحولیاتی عدم توازن ، جنگلات کا کٹاؤ، کرہ ارض کے درجہ حرارت میں اضافہ، اوزون کی تباہی اور موسمی شدت کی وجہ سے سو نامی ، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب جیسے بڑے حادثات کی شرح میں کمی کرنے کے اقدامات کرنا ہے۔ زمین کو ان حادثات ، سانحات اور آفات سے محفوظ رکھنے اور ان کی شدت کو کم کرنے کے لیے عوامی آگاہی ضروری ہے تاکہ محفوظ معاشرے کا قیام عمل میں لایا جا سکے ۔