’’تمنا آبرو کی ہے اگر گلزار ہستی میں تو کانٹوں میں الجھ کر زندگی کرنے کی خو کر لے‘‘ شہبازشریف کا پر جوش انداز میں مدلل خطاب

’’تمنا آبرو کی ہے اگر گلزار ہستی میں تو کانٹوں میں الجھ کر زندگی کرنے کی خو ...

لاہور(پ ر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے چین کے صدر کے دورے کے دوران پاکستان کے لئے 46ارب ڈالر کے عظیم الشان اقتصادی پیکیج کے حوالے سے پریس کانفرنس سے پر مسرت اورپر جوش انداز میں مدلل خطاب کیا اورصحافیوں کے سوالات کے جواب دئیے ۔وزیراعلیٰ نے تاریخ ساز اقتصادی پیکیج پر18کروڑ عوا م اور میڈیا کو خصوصی طور پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اﷲ تعالیٰ کے بے پایاں فضل و کرم سے چین پاکستان کے لئے وسیلہ بنا ہے اور پوری قوم کے ساتھ میڈیا بھی اس عظیم او رتاریخ ساز موقع پر یکسو اور یک زبان ہے۔چین کی طرف سے اس تاریخی اعلان پر اپنے اور اغیار دونوں دنگ ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ چینی قیادت کے ساتھ ملاقاتوں میں ،میں نے واضح طو رپر یہ کہاکہ ہماری پہلی ، دوسری اور تیسری ترجیح صرف او رصرف توانائی ہے۔اس تاریخ ساز پیکیج کے پیچھے پونے دوسال کی محنت اورریاضت چھپی ہوئی ہے جس کے لئے میں نے خود درجن بھر چین کے دورے کئے۔ وزیراعلیٰ نے ایک موقع پر کہاکہ آج صرف تاریخ ساز چینی اقتصادی پیکیج پر بات کروں گا، کوئی سیاسی بات کرنا چاہتا اور نہ ہی کسی کو نشان تنقید بنانا چاہتا ہوں۔ یہ موقع صرف اﷲ تعالیٰ کے حضور سجدہ ریز ہوکر شکر ادا کرنے کا ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاک چین دوستی کے حوالے سے کہا جاتا ہے کہ یہ ہمالیہ سے بلند، سمندر سے گہری ، شہد سے میٹھی اور فولاد سے زیادہ مضبوط ہے اورچین نے اربوں ڈالر کا پیکیج دے کر اس بات پر مہر ثبت کر دی ہے۔وزیراعلیٰ نے اپنی پریس کانفرنس کا اختتام ان اشعار پر کیا:۔

تمنا آبرو کی ہے اگر گلزار ہستی میں

تو کانٹوں میں الجھ کر زندگی کرنے کی خو کر لے

نہیں یہ شان خود داری چمن سے توڑ کر تجھ کو

کوئی دستار میں رکھ لے کوئی زیب گلو کر لے

وزیراعلیٰ نے پریس کانفرنس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے مصافحہ کیا اور میڈیا کے نمائندوں نے وزیراعلیٰ کو چین کے اقتصادی پیکیج پر مبارکباد دی۔

مزید : صفحہ اول