تحریک انصاف جنون کا نام ‘ تبدیلی کی جانب سفر جاری رہے گا ‘ عمران خان

تحریک انصاف جنون کا نام ‘ تبدیلی کی جانب سفر جاری رہے گا ‘ عمران خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 اسلام آباد(اے این این) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف گلگت بلتستان کے پسماندہ علاقوں پر خصوصی توجہ دے گی اور ان کی تعمیر وترقی یقینی بنانے کیلئے مناسب وسائل فراہم کرے گی۔ گلگت بلتستان کے عوام کو اپنے مستقبل کے فیصلوں کا اختیار سونپے گی اور مقامی آبادی کو بااختیار بنائے گی۔ گلگت بلتستان میں مقامی حکومتوں کا بہترین اور موثر نظام متعارف کروائے گی۔ وزیراعظم نواز شریف اور ان کی حکومت کے بس میں گلگت بلتستان کے عوام کو خوشحالی اور آسودگی فراہم کرنا ممکن نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلگت بلتستان سے اہم سماجی اور سیاسی شخصیات کی تحریک انصاف میں شمولیت کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے اپنے خطاب کے دوران کیا۔ تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے والوں میں مسلم لیگ نواز گلگت بلتستان کے سنئیر نائب صدر فتح اللہ خان، دیا مرسے مسلم لیگ نواز کے سنئیر نائب صدر نوشاد اسلم، عطاء الرحمن ایڈووکیٹ ،قانون ساز اسمبلی کے سابق رکن مہر داد اور سینٹر آصف وردگ اور ان کی اہلیہ شامل ہیں۔ تحریک انصاف کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ کراچی میں تحریک انصاف کامیاب ہوگی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگ جن میں خواتین سر فہرست ہیں NA 246میں تحریک انصاف کے حق میں اپنا ووٹ استعمال کرینگے۔ گلگت بلتستان سے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے والوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ تحریک انصاف جنون کا نام تبدیلی کی جانب سفر جاری رہے گا اور انشاء اللہ نیا پاکستان بنا کر دم لیں گے۔ تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل جہانگیر خان ترین نے اس موقع پر کہا کہ یہ تحریک انصاف ہی کے وجود کا نتیجہ ہے کہ وزیراعظم نواز شریف گلگت بلتستان کیلئے ترقیاتی پیکج کے اعلان پر مجبور ہوئے۔ تحریک انصاف گلگت بلتستان کے کنونیر اور رکن قومی اسمبلی غلام سرور خان نے علاقے میں فوج کی نگرانی میں انتخابات کروانے کی ضرورت پر زور دیا ۔

مزید :

صفحہ اول -