ٹریفک سگنل یو پی ایس پر منتقل کرنے کا فیصلہ

ٹریفک سگنل یو پی ایس پر منتقل کرنے کا فیصلہ
ٹریفک سگنل یو پی ایس پر منتقل کرنے کا فیصلہ

  

لاہور(ویب ڈیسک)چیف ٹریفک آفیسر طیب حفیظ چیمہ نے بجلی بحران کے پیش نظر لاہور میں موجود تمام ٹریفک سگنل کو یو پی ایس پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،اس ضمن میں آنے والے اخراجات کا تخمینہ لگانے کے لئے احکامات جاری کر دئیے ہیں جبکہ دوسری جانب رش کے اوقات میں ٹریفک سگنل کی ٹائمنگ ٹریفک کی روانی کے لئے نا قابل قبول ہونے پر اسے بند رکھنا مجبوری بن گیا ہے ،تفصیلات کے مطابق لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں اضافہ سے شہر بھر میں ٹریفک سگنل کا گھنٹوں بند رہنا معمول بن گیا ہے اس ضمن میں گزشتہ روز چیف ٹریفک آفیسر طیب حفیظ چیمہ نے ٹریفک سگنل مسلسل چلتے رکھنے کے لئے تمام سگنل کو یو پی ایس اور بیٹریوں پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے تا کہ ٹریفک کی صورت حال کو بہتر رکھا جا سکے ،اس ضمن میں ٹریفک پولیس آئی ٹی ٹیم کو ہدایت کی گئی ہے کہ سگنل کی تعداد اور ایک یو پی ایس پر کتنے اشارے بجلی بند ہونے کی صورت میں چلائے جا سکتے ہیں کے بارے میں تفصیلی رپورٹ تیار کر کے دی جائے۔بتایا گیا ہے کہ ٹیپا کے انجینئرز جو کہ ان اشاروں کو درست رکھنے کے ذمہ دار ہیں ان سے بھی مشاورت کی جا رہی ہے جس میں اشاروں کی رش کے اوقات میں ٹائمنگ فوری تبدیل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے ،لاہور میں دوپہر ایک سے تین بجے تک دو گھنٹے کے لئے ٹریفک افسران کی جانب سے پورے لاہور کے اشاروں کو بند کرنے کا حکم جا ری کیا گیا ہے کیونکہ رش اوقات میں ٹریفک سگنل کے چلنے پر ٹریفک کنٹرول نہیں کی جا سکتی جس پر ٹریفک وارڈنز کو ہاتھوں کے اشاروں سے ٹریفک کو کنٹرول کرنا پڑتا ہے ، ٹریفک سگنل کی ٹائمنگ ٹیپا کے انجینئرز ٹریفک لوڈ کے مطابق سیٹ کرتے ہیں لہذا رش کے اوقات میں یہ سسٹم ٹریفک کے لئے مکمل طور پر ناکام ہے جو کہ ٹریفک کی صورت حال خراب کرنے کا سبب بنتا ہے۔

مزید : بزنس