این اے 246،فاروق ستار کا الیکشن کمیشن سے پولنگ کا وقت تین گھنٹے بڑھانے کا مطالبہ
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک )متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما فاروق ستار نے کہاہے کہ ووٹنگ کا عمل انتہائی سست روی کا شکار ہے ،ہزاروں ووٹرزکو ووٹ ڈالنے سے روکا جارہاہے اور ایم کیوایم کے جیت کے مارجن کو کم کرنے کی کوشش کی جار ہی ہے ۔پریس کانفر نس سے خطاب کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہناتھا کہ الیکشن کمیشن ایم کیوایم کے جیت کے مارجن کو کم کرنے کی کوشش کو زائل کرے ۔
فاروق ستار نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیاہے کہ ووٹنگ کا وقت مزید تین گھنٹے بڑھایا جائے تاکہ باقی رہ جانے والے ووٹر زبھی اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں ۔ان کا کہناتھا کہ وہ شدید گرمی کے باعث بھی ووٹرز کے گھرو ںسے نکلنے پر ووٹروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔
ان کا کہناتھا کہ ووٹ ڈالنے آنے والوں کی حوصلہ شکنی کی جارہی ہے اور ووٹنگ کا عمل سست کر کے شدید گرمی میں ووٹروں کا امتحان لیا جارہاہے ۔انہوں نے کہا کہ کسی پولنگ سٹیشزن میں ایک گھنٹے میں ایک ووٹ ڈالے گاایساممکن نہیں ہے ،ایک ووٹ ڈالنے میں اتنا وقت لگنا یہ ظاہر کرتاہے کہ کہیں تو خرابی ہے ۔
فاروق ستار کا کہناتھا کہ این اے 246میں چھٹی نہیں دی گئی ،سرکاری اور پرائیوت دفاترکھلے اورموٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی ہونے کے باوجود بھی ووٹرز ووٹ ڈالنے آ رہے ہیں ۔ایک ایک کمرے میں تین سے چار پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں اور کئی پولنگ سٹیشنز پر مر دواور خواتین نے اس کیخلاف احتجاج بھی کیاہے ۔