چین کی ترقی پذیر ممالک کو بغیر شرائط امداد دینے کی پیشکش

چین کی ترقی پذیر ممالک کو بغیر شرائط امداد دینے کی پیشکش
چین کی ترقی پذیر ممالک کو بغیر شرائط امداد دینے کی پیشکش

  

جکارتہ (اے پی پی) چین نے ترقی پذیر ممالک کو بغیر شرائط امداد دینے کی پیشکش کی ہے۔رپورٹ کے مطابق جکارتہ میں 5 روزہ ایشیا افریقہ سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شی چن پنگ نے کہا ہے کہ یہ تعاون باہمی احترام اور مساوات کی بنیاد پر ہونا چاہیئے اور چین ترقی پذیر ممالک کو بغیر سیاسی شرائط کے امداد کی پیش کش جاری رکھے گا۔ شی جن پنگ نے کہا ہے کہ دولتمند ممالک کو چاہیئے کہ ترقی پذیر ملکوں کی بغیرسیاسی شرائط کے امداد فراہم کریں۔تیس سے زائد ملکوں کے سربراہان اِن دِنوں انڈونیشیا کے دارالحکومت، جکارتہ میں پانچ روزہ ایشیا افریقہ سربراہ اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں، جو 1955کے اجلاس کی یاد میں منعقد ہو رہا ہے، جس میں سرد جنگ کے دور میں غیر وابستہ تحریک (این اے ایم) کی بنیاد رکھی گئی تھی۔

اجلاس کے شرکا کو افریقہ اور ایشیا کے درمیان معاشی تعاون میں مزید اضافے کی توقع ہے۔ اِن دو براعظموں میں فروغ پاتی ہوئی دنیا کی بڑی منڈیاں موجود ہیں یا پھر یہ ملک مزید ترقی یافتہ درجہ حاصل کرنے کے عمل سے گزر رہے ہیں۔چین افریقہ کا سب سے بڑا تجارتی ساجھے دار ہے، جہاں سے وہ سالانہ اربوں ڈالر کے قدرتی وسائل درآمد کرتا ہے اور سارے براعظم میں جاری اہم ترقیاتی کاموں کے لیے سرمایہ کاری کر رہا ہے، جس میں بنیادی ڈھانچے کے بڑے منصوبے اور قرضہ جات کی ادائیگی میں نرمی سے متعلق منصوبے شامل ہیں۔تاہم، ایسے میں جب چین افریقہ میں اپنا اثر و رسوخ بڑھا رہا ہے، مغرب کے متعدد لوگ چین پر انسانی حقوق پر تشویش کے معاملے کر نظرانداز کرنے کا الزام لگاتے ہیں، مثلاً اْن حکومتوں کو بغیر شرائط کے امدادی پیکیج فراہم کیا جا رہا ہے جو مطلق العنان ہیں۔ چین کی جانب سے فراہم کی جانے والی بیرونی امداد کی پالیسی کا دفاع کرتے ہوئے شی چن پنگ نے کہا کہ دنیا کے امیر ملکوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ سیاسی مراعات طلب کیے بغیر ترقی پذیر ملکوں کے ساتھ کیے گئے عہد کو پورا کیا جائے۔ انھوں نے چینی قیادت والے ایشئن انفراسٹرکچر انویسٹ منٹ بینک (اے آئی آئی بی) کے فوائد کی طرف توجہ مبذول کرائی، جس کے ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ امریکی حمایت والے عالمی بینک، بین الاقوامی مالیاتی فنڈ اور ایشئن ڈولپمنٹ بینک سے مسابقت کے طور پر میدان میں ہے۔ برطانیہ، جرمنی اور فرانس جیسے امریکی اتحادیوں سمیت 57 ممالک بطور بانی ارکان کے ایشئن انفراسٹرکچر انویسٹ منٹ بینک (اے آئی آئی بی) میں شامل ہیں۔انڈونیشیا میں منعقدہ اس اجلاس میں چین، جاپان، برونائی، ملائیشیا، میانمار اور انڈونیشیا کے سربراہان شرکت کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ اس کا پہلا اجلاس 1955میں جزیرہ نما جاوا کے شہر بندونگ میں ہوا، جس میں متعدد نئے آزاد ملکوں کے سربراہان نے شرکت کی تھی۔

مزید : بین الاقوامی