این اے 246کاغیرسرکاری نتیجہ ، ایم کیوایم کے امیدوار کنور نوید جمیل کامیاب

این اے 246کاغیرسرکاری نتیجہ ، ایم کیوایم کے امیدوار کنور نوید جمیل کامیاب
این اے 246کاغیرسرکاری نتیجہ ، ایم کیوایم کے امیدوار کنور نوید جمیل کامیاب

  

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246 کے ضمنی انتخابات میں متحدہ قومی موومنٹ کے امیدوار کنور نوید  نے میدان مار لیا ہے ،انہوں نے  93122 ووٹ حاصل کیے .

 تفصیلات کے مطابق این اے 246 کے انتخابات میں 20 امیدواروں نے حصہ لیا جبکہ پولنگ کے لیے 213 پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے تھے ۔آج  شام  5 بجے پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع کیا گیا جو اب مکمل کر لیا گیا ہے اور  غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق ایم کیو ایم کے امیدوار  کنور نوید جمیل   93122 ، پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار عمران اسماعیل 16932 جبکہ جماعت اسلامی کے امیدوار راشد نسیم 8454 ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے  ۔

ایم کیو ایم کے امیدوار کنور نوید جمیل کی کامیابی کے بعد ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر جشن منایا جا رہا ہے اور کارکنان کی جانب سے مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئی ہیں ۔ایم کیو ایم کے امیدوار کنور نوید جمیل کا کہنا تھا کہ وہ اپنی فتح پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں اور عوام کے شکر گزار ہیں جنہوں نے انہیں کامیاب کروایا ہے ۔ تحریک انصاف کے امیدوار عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ الیکشن شفاف ہوئے ہیں اور وہ اس کے نتائج کو تسلیم کرتے ہیں ۔

دوسری جانب جماعت اسلامی کی جانب سے انتخابات کی شفافیت پر سوال اٹھایا گیا ہے۔جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ صرف رینجرز کی موجودگی میں الیکشن کو شفاف نہیں کہا جا سکتا ۔ الیکشن کمیشن نے اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کیں تھیں جس کی وجہ سے تمام ووٹر لسٹیں ایم کیو ایم کے سیکٹر آفس میں تیار کی گئی ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ الیکشن کی شفافیت کو تسلیم نہیں کرتے اور ان کے نزدیک  اس الیکشن میں بھی دھاندلی ہوئی ہے۔

مزید : کراچی /Headlines