چین، پاکستان کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے: گلوبل ٹائمز

چین، پاکستان کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے: گلوبل ...
چین، پاکستان کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے: گلوبل ٹائمز

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (یو این پی) چین کے صدر شی چن پنگ کا پاکستان کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کےلئے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، ون بیلٹ ون روڈ کے فارمولے سے پاکستان میں خوشحالی کےلئے سرمایہ کاری کا فروغ ہوگا۔ جمعرات کو گلوبل ٹائمز میں شائع ہونے والے ایک مضمون کے مطابق پاکستان اور چین کے درمیان 40 ارب ڈالر سے زائد کے اقتصادی معاہدے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اور اکیسویں صدی کا میری ٹائم سلک روڈ منصوبہ دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کی طرف ایک اور اہم قدم ہے۔ پاکستان میں کیروٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر ایک ارب 65 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ پن بجلی کے دوسرے منصوبوں میں بھی سرمایہ کاری کی جائے گی جس سے پاکستان کو اپنی بجلی کی دستیابی بہتر بنانے اور اقتصادی صورتحال کو درست کرنے میں مدد ملے گی اور کیروٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا سلک روڈ فنڈ کے تحت انتخاب انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور یہ منصوبہ چین کے ون بیلٹ ون روڈ فارمولے کے لئے پاک چین اقتصادی راہداری کو وسعت دینے کا ایک ترجیحی منصوبہ ہے۔ پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت سڑکوں، ریلوے نیٹ ورک اور توانائی کے منصوبوں پر آغاز کیا جائے گا جس سے گوادر کی بندرگاہ کو چین کے شمال مغربی علاقے سے ملایا جا سکے گا۔ پاک چین اقتصادی راہداری سے دونوں ممالک کو مساوی مواقع اور ترقی حاصل ہوگی اور دونوں ممالک کے عوام فائدہ اٹھا سکیں گے۔ چین اس سے اپنی توانائی کی درآمدات کے لئے مختصر ترین راستہ حاصل کر سکے گا جبکہ پاکستان اس کے ذریعے گوادر پورٹ کو ترقی دینے، ٹرانسپورٹ کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے اور توانائی اور صنعتی شعبوں میں تعاون جیسے اہم شعبوں کی کارکردگی بہتر بنا سکے گا جس سے ملکی معیشت کو فروغ ملے گا اور عوام کا معیار زندگی بہتر ہوگا۔ پاک چین اقتصادی راہداری خطے میں ایک دوسرے کو ملانے کے دوسرے بڑے منصوبوں کے لئے ایک مثال کی حیثیت اختیار کر جائے گا اور اس سے دیگر ممالک کا اعتماد بھی بڑھے گا۔ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا، مشرق وسطیٰ اور چین کو ایک دوسرے کے ساتھ ملانے کا ذریعہ بنے گا۔ مضمون کے مطابق چین ایک ذمہ دار عالمی طاقت ہے اور اس نے خطے میں ہمیشہ امن اور استحکام کو برقرار رکھا ہے جبکہ دیگر ممالک کی ترقی کے لئے بھی اس کی عظیم خدمات ہیں۔