وزیر صحت کی زیر صدارت اجلاس،مریضوں کو سہولیات دینے کیلئے تبادلہ خیال

وزیر صحت کی زیر صدارت اجلاس،مریضوں کو سہولیات دینے کیلئے تبادلہ خیال

لاہور(جنرل رپورٹر)صوبائی وزیر برائے سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ کمیٹی روم میں اجلاس ہوا جس میں ابراج گروپ انٹرنیشنل اور محکمہ صحت پنجاب کے درمیان صحت کے شعبہ کی ترقی اور ہسپتالوں میں مریضوں کو مزید بہتر سہولیات کی فراہمی میں قریبی تعاون کے لئے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نجم احمد شاہ ، سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ علی جان خان ، سپیشل سیکرٹری ہیلتھ ڈاکٹر ساجد محمود چوہان ، ترکش کنسلٹنٹ ڈاکٹر حسن کاگل، ڈاکٹر نعیم الدین میاں، ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر سلمان شاہد، ایڈیشنل سیکرٹری پرائمری ہیلتھ ڈاکٹر عاصم الطاف، سابق وائس چانسلر KEMUپروفیسر فیصل مسعود، ایڈیشنل سیکرٹری فنانس عبدالصمد، پی اینڈ ڈی کے افسران کے علاوہ ابراج گروپ کے وفد کے ارکان ڈاکٹر رضوان اپل،سہیل احمد صدیقی، خواجہ خلیل شہاب، مجتبی حسین اور ڈپٹی سیکرٹری /کوآرڈینیٹر ڈاکٹر ید اللہ نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈائیگناسٹک کے دونوں شعبوں پیتھالوجیکل اور ریڈیالوجیکل سہولیات کو جدید خطوط پر استوار کرنے ، تشخیصی سہولیات میں اضافہ کرنے، نرسز اور الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز کی تربیت، کپسٹی بلڈنگ، لرننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں مشترکہ منصوبے شروع کرنے کے حوالے سے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں طے پایا کہ ابراج گروپ آئندہ دو تین دن کے اندر قابل عمل ورکنگ ماڈل تیار کرکے پیش کرے گاجو ٹرشری اور پرائمری و سکینڈری ہیلتھ کے دونوں شعبوں کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر تیار کیا جائے گا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1