سی پیک کو ہر قیمت پر کامیاب بنائینگے ، اندرونی و بیرونی دشمن اپنی زبانوں کو لگام دیں :شہباز شریف

سی پیک کو ہر قیمت پر کامیاب بنائینگے ، اندرونی و بیرونی دشمن اپنی زبانوں کو ...

 لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین عظیم ہمسائے ہیں اور دونوں ممالک کی دوستی لازوال ہے اور اقوام عالم میں پاک چین دوستی کی کوئی مثال نہیں ملتی یہ ہر دباؤ سے مبرا او رشرائط سے پاک ہے اور وقت کی ہر آزمائش پر پورا اتری ہے ۔ جنگ ہو یا امن یا کوئی قدرتی آفت، چین ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔چین نے اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی فورمز پر ہمیشہ پاکستان کے موقف کی تائید کی ہے۔ چین پہلے دن سے ہی پاکستان سے دوستی کا حق نبھا رہا ہے اور گزشتہ 70 سالوں میں چین نے پاکستان کو متعدد منصوبوں کے بڑے تحفے دیئے ہیں۔سی پیک بھی چینی قیادت اور حکومت کا پاکستان کیلئے عظیم تحفہ ہے جس پر پاکستان کی حکومت اور عوام سی پیک کے تحفے پر چین کے شکرگزار ہیں۔ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور پر تیز رفتاری سے عملدرآمد ہو رہا ہے لیکن سی پیک کے اندرونی و بیرونی مخالفین اس گیم چینجر منصوبے پر تیزی سے عملدرآمد سے خوف زدہ ہیں اور حسد کی آگ میں جل رہے ہیں،سی پیک پر تنقید کرنے والے پاکستان میں ترقی او رخوشحالی کے خوف میں مبتلا ہیں۔مشرقی سرحد پر ہمارا ہمسایہ اور بعض دیگر ممالک کی نیندیں حرام ہوچکی ہیں لیکن سی پیک اپنی شفافیت اور تیز رفتاری سے ان مخالفین کو بھرپور جواب دے رہاہے۔ خطے کی ترقی کے ضامن عظیم منصوبے سی پیک کے مخالفین اپنی زبانوں کو لگام دیں اور منہ بند رکھیں۔ دشمن سن لے ،ہم ملکرپاکستان اور خطے کی ترقی و خوشحالی کے ضامن اس منصوبے کو ہر قیمت پر کامیاب بنائیں گے۔انشاء اللہ سی پیک کا منصوبہ مکمل ہوگا اور پاکستان ترقی و خوشحالی کا سفر ضرور طے کرے گا اور ہمسایہ ممالک سے معاشی جنگ جیتیں گے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہارمقامی ہوٹل میں پنجاب۔ جیانگ ژی بزنس فورم 2017 سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پنجاب۔جیانگ ژی بزنس فورم کے دوران دونوں صوبوں کے مابین معاشی تعاون کے معاہدے پر دستخط ہوئے۔ دونوں صوبوں کے صنعتکاروں کے مابین بھی دو طرفہ تعاون کے معاہدوں پر دستخط کئے گئے۔ ممبر سنٹرل کمیٹی کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ لوشنشے، چینی وفد کے اراکین، چینی قونصل جنرل لانگ ڈنگ بن،صوبائی وزراء، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، پاکستان بالخصوص پنجاب اور چینی صوبے جیانگ ژی کے سرمایہ کاروں نے بزنس فورم میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے پنجاب۔ جیانگ ژی بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم جیانگ ژی صوبے کے اعلیٰ سطح کے وفد اور بزنس لیڈرزکی پنجاب کے تاریخی شہر لاہور میں آمد کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ ممبر سنٹرل کمیٹی کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ، لوشنشے نے بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جیانگ ژی اور پنجاب کے درمیان معاشی تعلقات کو تیز رفتاری سے آگے بڑھانا ہے اور دونوں صوبو ں کے مابین زراعت، صنعت، توانائی اور دیگر شعبوں میں اس طرح کے اشتراک کار کے وسیع امکانات موجود ہیں۔انہوں نے کہاکہ پنجاب نے وزیراعلی شہبازشریف کی بہترین لیڈر شپ میں غیر معمولی ترقی کی ہے اور منصوبوں کو انتہائی تیزی سے مکمل کر کے شہبازشریف نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا یا ہے او رپنجاب میں منصوبوں کی تیز رفتار تکمیل کے حوالے سے ’’پنجاب سپیڈ ‘‘کا ذکر ہر جگہ ہو رہا ہے۔ شہبازشریف اور ان کی ٹیم نے انتھک محنت سے بے شمار کامیابیاں حاصل کی ہیں جس طرح پنجاب ترقی کرر ہاہے اسی طرح ہمارا صوبہ جیانگ ژی بھی تیزی سے ترقی کررہاہے۔انہوں نے کہاکہ وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے سی پیک کے منصوبوں کے ساتھ دیگر منصوبوں کو بھی انتہائی تیزی کیساتھ آگے بڑھایا ہے اور وہ پاکستان کے مقبول ترین رہنما ہیں جنہوں نے عملی طو رپر کام کر کے دکھایا ہے اور حقیقی معنوں میں ترقی کے مینار قائم کئے ہیں۔انہوں نے اس موقع پر کہاکہ پنجاب اور جیانگ ژی کے مابین معاشی، تجارتی اور باہمی تعلقات کو فروغ دینے کا یہ سنہرا موقع ہے کیونکہ وقت بھی صحیح ہے ،مقام بھی صحیح ہے اور شہبازشریف کی صورت میں رہنما بھی صحیح ہیں۔انہوں نے کہا کہ وقت اس لئے صحیح ہے کہ سی پیک اور ون بیلٹ ون روڈ کے منصوبوں پر کام ہورہاہے۔مقام اس لئے صحیح ہے کہ پنجاب پاکستان کا سب سے ترقی یافتہ صوبہ ہے اور رہنما اس لئے کہ وہ شہبازشریف کی شکل میں ہمارے سامنے موجود ہیں جنہوں نے پنجاب میں منصوبوں میں معیار اور رفتار کے نئے ٹرینڈ سیٹ کئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ دونوں صوبوں کے مابین طے پانے والے معاہدوں سے دو طرفہ معاشی تعاون فروغ پائے گا۔ صوبائی خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا اور جیانگ ژی کے ڈائریکٹر جنرل کامرس وینگ شوئی پنگ نے بھی بزنس فورم سے خطاب کیا۔

شہباز شریف

لاہور (کامرس رپورٹر ) کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی سنٹرل کمیٹی کے رکن اور چین کے صوبے جیانگ ژی کے پارٹی سیکرٹری لو شنشے نے مقامی ہوٹل میں وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف سے ملاقات کے دوران اور بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب کی تیز رفتار ترقی کا خصوصی ذکر کیااور وزیراعلی شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب حکومت کے ترقیاتی ویژن کو زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کیا۔ان کا کہنا تھا کہ پنجاب اور جیانگ ژی کے مابین تعلقات بڑھانے کا یہ سنہرا موقع ہے کیونکہ درست وقت ، درست مقام اور درست رہنماموجود ہیں۔درست وقت سی پیک اور ون بیلٹ ون روڈ کی صورت میں موجود ہے جبکہ درست مقام پنجاب ہے جو پاکستان کا سب سے ترقی یافتہ صوبہ ہے اور درست رہنما وزیراعلیٰ شہباز شریف کی قیادت میں موجود ہیں اور یہ گولڈن موقع ہے جس سے ہم نے فائدہ اٹھانا ہے۔انہوں نے’’ پنجاب سپیڈ‘‘ کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلی شہبازشریف کی بہترین لیڈر شپ میں صوبہ پنجاب نے غیر معمولی ترقی کی ہے اور منصوبوں کو انتہائی تیزی سے مکمل کر کے شہبازشریف نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا یا ہے او رپنجاب میں منصوبوں کی تیز رفتار تکمیل کے حوالے سے ’’پنجاب سپیڈ ‘‘کا ذکر ہر جگہ ہو رہا ہے۔ شہبازشریف اور ان کی ٹیم نے انتھک محنت سے بے شمار کامیابیاں حاصل کی ہیں جس طرح پنجاب ترقی کرر ہاہے اسی طرح ہمارا صوبہ جیانگ ژی بھی تیزی سے ترقی کررہاہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے سی پیک کے منصوبوں کے ساتھ دیگر منصوبوں کو بھی انتہائی تیزی کیساتھ آگے بڑھایا ہے اور وہ پاکستان کے مقبول ترین رہنما ہیں جنہوں نے عملی طو رپر کام کر کے دکھایا ہے اور حقیقی معنوں میں ترقی کے مینار قائم کئے ہیں، بلاشبہ شہباز شریف ایک پرعزم اور وژنری لیڈر ہیں اورشہباز شریف کی قیادت میں پنجاب نے حقیقی معنوں میں ترقی کی ہے اور وزیر اعلیٰ کی غیرمعمولی صلاحیتوں کو پاکستان کے علاوہ چین میں بھی سراہا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے پاک چین تعلقات بڑھانے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ شہبازشریف پاکستان خصوصاً پنجاب کی تعمیر و ترقی کے معمار ہیں اور انہوں نے عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے عملی طو رپر کام کرکے دکھایا ہے۔انہوں نے کہاکہ شہبازشریف نے منصوبوں میں معیار اور رفتار کے نئے ٹرینڈ سیٹ کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ میرا پاکستان کا پہلا دورہ ہے اور میں جہاں بھی گیا ہوں بے پناہ محبت اور پیار ملا ہے۔ میں پنجاب کے عوام کی مہمان نوازی، فراخدلی اور خلوص کو فراموش نہیں کرسکتا۔

لو شنش

مزید : صفحہ اول