ٹرمپ کے مشیروں کے ذریعے روس نے الیکشن میں دراندازی کی:سی این این

ٹرمپ کے مشیروں کے ذریعے روس نے الیکشن میں دراندازی کی:سی این این

واشنگٹن (اظہر زمان، بیورو چیف) روس نے گزشتہ برس ٹرمپ کے انتخابی مشیروں کے ذریعے انتخابی مہم میں دراندازی کرنیکی کوشش کی جن میں روسی پالیسی کے مشیر کارٹر پیج کو مرکزی حیثیت حاصل ہے۔ امریکی ٹیلی ویژن ’’سی این این‘‘ نے یہ دعویٰ اپنی تازہ رپورٹ میں امریکی حکام کے حوالے سے کیا ہے جن کے نام نہیں بتائے گئے۔ یاد رہے ٹرمپ کے سابق مشیر کارٹر پیج کے بارے میں روزنامہ ’’پاکستان‘‘ نے یہ خبر بریک کی تھی کہ ایف بی آئی نے ایک خفیہ عدالت سے مسٹر پیج کو مشتبہ روسی ایجنٹ قرار دلوا کر اسکی نگرانی کرنے کے وارنٹ حاصل کئے تھے۔ غیر ملکی انٹیلی جنس نگرانی کے ایکٹ (FISA) کے تحت قائم یہ خفیہ عدالت اس امر کی مجاز ہے، اس عدالت سے وارنٹ حاصل کرنے کیلئے ایف آئی اے نے جو ’’شواہد‘‘ فراہم کئے تھے انکے مطابق روسی حکومت انتخابات سے بھی کئی برس سے ٹرمپ کو انتخابی امیدوار بنا نے اور اسکی امداد کا کام کر رہی تھی۔ سی این این کی رپورٹ کے مطابق امریکی حکام نے بتایا کہ ممکن ہے کارٹر پیج کوعلم نہ ہو کہ روسی حکومت اسکے ذریعے انتخابی مہم تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کر رہی تھی۔ کارٹر پیج نے جولائی16ء میں ماسکو کے نیو اکنامک سکول میں جو تقریرکی تھی وہاں سے ایف بی آئی نے اس پر شبہ کرکے اس کے رویے کا جائزہ لینا شروع کیا تھا۔ جمعہ کی رات سی این این کی خصوصی رپور ٹ نشر ہوئی جس کے بعد ہفتے کی دوپہر کارٹر پیج نے سی این این کیساتھ ایک انٹرویو میں تسلیم کیا کہ انہوں نے روسی حکام سے رابطے کئے ہیں تاہم انکا ا صر ار یہ تھا کہ انہوں نے انہیں کوئی ایسی معلومات فراہم نہیں کی جو پہلے سے جاری نہ ہوئی۔ ان کا کہنا تھا ’’مجھ سے کوئی ایسی با ت نہیں پوچھی گئی جو آپ سی این این پر نہ دیکھ سکتے ہوں‘‘ مسٹر پیج کا کہنا تھا انہیں اس معاملے میں ’’نادانستہ‘‘ یا ’’لاعلمی‘‘ کے عنصر پر تشو یش ہے کیونکہ میڈیا اور کانگریس کے لاعلم ارکان نادانستہ طور پر ٹرمپ کے بارے میں روسی شواہد کو تسلیم کر رہے ہیں۔ ایف بی آئی کے حکام نے سی این این کو بتایا ہے کہ غیر ملکی جاسوس ایجنسیوں کے وسیع تر انٹیلی جنس جمع کرنیکی کارروائیوں کا جائزہ لینا ہماری ذمہ داری ہے اور کارٹر پیج کی روسی جا سو سوں کیساتھ بات چیت کا بھی اسی نقطہ نظر سے تجزیہ کیا جا رہا ہے۔ ان حکام نے پیج کی بات چیت کی تفصیلات بتانے سے معذوری ظاہر کی۔

مزید : صفحہ آخر