بھارت: شہریوں کو پٹرول اور ڈیزل گھروں میں سپلائی کرنیکا منصوبہ‘لوگوں کیلئے آسانیاں پیدا کرنا مقصدہے:وزیر پٹرولیم
نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی شہریوں کو عنقریب پٹرول اور ڈیزل انکے دروازے پر ملے گا۔’’دی ٹائمز آف انڈیا ‘‘ کے مطابق بھارت میں جلد دودھ فروش اور اخبار فروش کی طرح لوگوں کو پٹرول اور ڈیزل فروش بھی نظر آئیں گے جو انہیں دروازے پر آکر یہ سہولت فراہم کریں گے۔بھارتی وزیر پٹرولیم درمیندراپردھان نے اپنے بیان میں کہا کہ دنیا صارفین کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے جسے مد نظر رکھتے ہوئے ہم نے بھی ای کامرس پورٹل پر پٹرول اور ڈیزل متعارف کروا رہے ہیں۔آپ پورٹل پر جائیں اور اپنا آرڈر بک کرائیں ، آن لائن ادائیگی کرنے کے بعد پٹرول یا ڈیزل اگلی صبح آپ کے دروازے پر پہنچ جائے گا۔ان کا کہنا تھاکہ ویلز پر’’منی پٹرول پمپس‘‘ کے خیال کا مقصدلوگوں کیلئے آسانیاں پیدا کرنا ہے۔ اس اقدام سے ملازمت کے مواقع پیدا ہونگے ‘ خصوصی طور پر دیہی علاقوں میں بہت زیادہ آسانی ہو گی۔