تاجر برادی کی خدمت زندگی کا اثاثہ ہے،جمشید اختر

تاجر برادی کی خدمت زندگی کا اثاثہ ہے،جمشید اختر

حسن ابدال(تحصیل رپورٹر)تاجر اتحاد ہی اصل طاقت ہے۔ظلم کے خلاف کھڑا ہونا سرشست میں شامل ہے۔تاجر برادی کی خدمت زندگی کا اثاثہ ہے۔ہمیشہ حق کے لیے لڑا اور کبھی پشت نہیں دیکھائی۔اپنے بے لوث ساتھیوں پر فخر ہے جنہوں نے ہمیشہ میرے ساتھ کھڑے ہو کر مجھے سرخرو کیا۔ بار ایسو سی ایشن حسن ابدال نے شہریوں کی آواز بن کر ہمیشہ حق وصداقت کا ساتھ دیا جس پر بطور شہری اور بطور تاجر ان کے شکر گذار ہیں۔ان خیالات کا اظہار صدر مرکزی انجمن تاجراں چوہدری جمشید اختر نے عدلیہ کی جانب سے بے بنیاد مقدمے میں شہر کے 21تاجروں اور صدر پریس کلب کو با عزت رہا کرنے کے فیصلے پر بار ایسو سی ایشن حسن ابدال کے اعزاز میں عشائیہ دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تقریب میں خطاب کرنے والوں میں ضلعی صدر مرکزی انجمن تاجراں اٹک راشد رحمان ۔صدر انجمن تاجراں فتح جنگ ذوالفقار بلوچ۔کونسلر سعید اختر۔چیئرمین پریس کلب حاجی رفیق قادری۔سٹی صدر پی ٹی آئی علی رضاء عرف شومی خان۔ظہیر اعوان ۔کونسلر سرفراز علی اعوان۔ضلعی سیکرٹری نشرو اشاعت مسلم لیگ (ن) خالد محمود۔علامہ قاری عبدالرحمن۔ضلعی صدر پاکستان پیپلز پارٹی اشعر حیات خان۔صدرپریس کلب چوہدری وقار علی۔سینئر نائب صدر مرکزی انجمن تاجراں چوہدری اظہر علی۔صدر بار ایسو سی ایشن حامد اقبال خان ایڈووکیٹ۔جنرل سیکرٹری آصف خان ایڈووکیٹ۔صدر مرکزی انجمن تاجراں ٹیکسلا شیخ ضیاء الدین۔سینئر وکیل سید امتیاز شاہ ۔سجاد حیدر ایڈووکیٹ۔وقار عالم جدون ایڈووکیٹ اور دیگر شامل تھے۔مقبرہ لالہ رخ حسن ابدال میں منعقد پر وقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ہر دور میں حکومت تاجروں سمیت دیگر طبقات کو دبانے کی کوشش کرتی ہے مگر تاجر اتحاد نے ہمیشہ ایسے حربوں کا جوان مردی سے مقابلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ چار سال قبل درج کیے جانے والے جھوٹے اور بے بنیاد مقدمے میں عدلیہ کی جانب سے تمام نا مزد افراد کو با عزت رہا کرنے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔مقررین نے با ر ایسو سی ایشن کے ممبران کی جانب سے شہری مسائل کو اجاگر کرنے اور انصاف کی فراہمی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے پر شہری اور بلخصوص تاجر ان کی جانب سے ان کا شکریہ ادا کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مرکزی انجمن تاجراں چوہدری جمشید اختر نے کہا کہ ظلم کے خلاف کھڑا ہونا میری سر شست میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ تاجروں کے مفاد کی جنگ لڑی ہے اور تاجر تنظیموں میں سیاست کو شامل نہیں ہونے دیا یہی وجہ ہے کہ آج پورے شہر کے تاجر یک جان ہیں اور ہر مشکل میں وہ ڈٹ کر اس کا مقابلہ کرتے ہیں۔ صدر بار کونسل حامد اقبال خان نے خطاب میں مرکزی انجمن تاجراں کا تقریب کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے حق و سچ کی پیروی کی ۔اللہ تعالیٰ نے ہمیں سرخرو کیا اور تمام بے گناہ تاجر با عزت بری ہو ئے۔تقریب کا انعقاد ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر