’بارات لے کر آگئے ہو اور اس آدمی کو ساتھ نہیں لائے‘ بارات کے ساتھ دولہا ایک ایسے شخص کو لانا بھول گیا کہ دلہن ناراض ہوکر ایک اجنبی کے ساتھ شادی رچا کر چلی گئی، دولہا ہاتھ ملتا رہ گیا
نئی دلی (نیوز ڈیسک) اگر آپ سمجھتے ہیں کہ شادی کے بھاری اخراجات میں کچھ کمی لانے کیلئے گانے بجانے والوں کے بغیر ہی کام چلا لیا جائے تو بدقسمتی سے یہ فیصلہ بہت نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے، جیسا کہ ایک بھارتی دولہے کے ساتھ ہوا۔
گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق ریاست بہار میں ایک دلہن اس بات پر ناراض ہو گئی کہ دولہا بارات کے ساتھ ڈی جے کو نہیں لایا تھا، اور اتنی ناراض ہوئی کہ شادی سے ہی انکار کر ڈالا۔ ڈی جے کی دیوانی دلہن نے مزید طیش میں آکر تقریب میں شریک ایک اجنبی نوجوان سے شادی رچا لی، جس پر ڈی جے نہ لانے کی غلطی کرنے والا دولہا بارات سمیت روتا پیٹتا واپس چلا گیا۔
تاریخ میں پہلی مرتبہ دلہن بارات لے کر دولہا کو لینے پہنچ گئی، پورا محلہ دم بخود رہ گیا، ایسا کیوں کیا؟ وجہ جان کر آپ بھی داد دینے پر مجبور ہوجائیں گے
رپورٹ کے مطابق یہ انوکھا واقعہ ضلع بیگو سرائے کے گاﺅں چاکہ میں پیش آیا۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ بارات کے پہنچتے ہی دلہن والوں نے جھگڑا شروع کردیا کہ بارات کے ساتھ ڈی جے کیوں نہ تھا۔ کچھ بحث و تکرار کے بعد صورتحال کچھ بہتر ہوتی نظر آرہی تھی لیکن اس موقع پر دلہن نے اعلان کر دیا کہ اسے بغیر ڈی جے کے آنے والا دولہا قبول نہیں۔ دلہن کو راضی کرنے کی کوششیں کی گئیں لیکن وہ ٹس سے مس نہ ہوئی، کیونکہ لڑائی جھگڑے کے دوران ہی اس نے متبادل دولہے کا انتخاب کر لیا تھا۔ یہ تقریب میں شامل جتندرا کمار نامی ایک اجنبی نوجوان تھا جو دلہن کے گھر والوں کو بھی موزوں لگا۔ یوں اجنبی مہمان کے طور پر آنے والا جتندرا کمار دلہن لے کر واپس گیا، جبکہ ڈی جے کے بغیر آنے والا دولہا اجنبی مہمان بن کر خالی ہاتھ واپس گیا۔