عمر اکمل نئے عزم کیساتھ قومی ٹیم میں واپسی کیلئے کوشاں

عمر اکمل نئے عزم کیساتھ قومی ٹیم میں واپسی کیلئے کوشاں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (یوا ین پی) نوجوان پاکستانی بیٹسمین عمر اکمل نئے عزم کے ساتھ قومی ٹیم میں واپسی کیلئے کوشاں ہیں جو 25 اپریل سے شروع ہونے والے پاکستان کپ میں بہترین کارکردگی دکھا کر سلیکٹرز کو اپنی جانب متوجہ کرنا چاہتے ہیں۔عمر اکمل کے مطابق وہ پاکستان کپ میں اپنی بہترین کارکردگی سے سلیکٹرز کو اپنی جانب توجہ دینے پر مجبور کر دیں گے جبکہ انہوں نے یہ حیران کن انکشاف بھی کیا کہ نہ جانے قومی ہیڈ کوچ مکی آرتھر انہیں کیوں پسند نہیں کرتے حالانکہ وہ ان کو بطور کوچ بہت زیادہ پسند کرتے ہیں۔ عمر اکمل کا کہنا تھا کہ وہ مکی آرتھر کے متعلق کچھ زیادہ نہیں کہنا چاہتے لیکن انہوں نے پہلے جو کچھ بھی کہا اس پر قائم ہیں۔انہوں نے وقار یونس کے دور میں ٹیسٹ ٹیم سے اپنے اخراج پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر ان کی آخری چار ٹیسٹ اننگز دیکھی جائیں تو انہوں نے اس دوران تین نصف سنچریاں بنائی تھیں جبکہ ایک اننگز میں انہیں بیٹنگ کرنے کا موقع ہی نہیں ملا تھا۔ مڈل آرڈر بیٹسمین کا گلہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اس کے باوجود وقار یونس کا یہ کہنا تھا کہ عمر اکمل مزید ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کے قابل نہیں اور یہ بات وقار یونس کے علاوہ دیگر کوچز سے پوچھی جائے کہ انہیں ٹیسٹ ٹیم میں کیوں نہیں کھلایا گیا البتہ انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور اب بھی اپنی واپسی کی کوششیں کر رہے ہیں جس کیلئے انہوں نے آنے والے عرصے میں بہترین کارکردگی کو اپنی اولین ترجیح بنا لیا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ میں عمر اکمل پانچ اننگز میں محض 57 رنز بنائے تھے اور لاہور قلندرز کے کپتان برینڈن میک کلم نے بھی انہیں ٹیم کی مشکلات کا باعث قرار دیا تھا۔