فوڈ اتھارٹی کا جعلی مشروبات کی فیکٹری پر چھاپہ، ہزاروں تیار بوتلیں اور خام مال تلف کر دیا

فوڈ اتھارٹی کا جعلی مشروبات کی فیکٹری پر چھاپہ، ہزاروں تیار بوتلیں اور خام ...

  

لاہور (جنرل رپورٹر رپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی نے لاہور میں کارروائی کرتے ہوئے معروف برانڈز کی جعلی بوتلیں تیار کرنے والی فیکٹری جڑ سے اکھاڑ دی۔6500 سٹنگ، 3 ہزار تیار پیپسی جبکہ10 ہزاربوتلوں کا خام مال برآمد کر کے موقع پر تلف کر دیا گیا۔ آئس کریم فیکٹریوں کی چیکنگ کرتے ہوئے کوٹ لکھپت میں ڈیری آئس کریم تیار کرنے والی فیکٹری کو مزید بہترین انتظامات پر ڈی جی فوڈ کی جانب سے شاباش دی گئی۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایاکہ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے لاہور میں کارروائی کرتے ہوئے راوی کنارے سنسان علاقے میں معروف برانڈز کی جعلی بوتلیں تیار کرنے والی فیکٹری پکڑی۔ فیکٹری کا تمام سامان اکھاڑ کر ضبط کرتے ہوئے مالکان کے خلاف مقدمہ بھی درج کروا دیا گیا۔ مشروبات کے نام پر عوام کو مضر صحت کیمیکل پلانے والی فیکٹری کا پتہ ویجیلنس ونگ نے 2 ہفتے تک ریکی کر کے لگایا۔ ڈی جی فوڈنے واضح کیا کہ گرمیوں کے آغاز کے ساتھ ہی مشروبات ،آئس کریم، برف سمیت گرمیوں کی مصنوعات کے استعمال میں اضافہ ہونے کی وجہ سے ناقص برف، مضر صحت آئس کریم اور جعلی بوتلوں کا دھندہ زور پکڑتا ہے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی آپریشنز اور ویجیلنس ٹیمیں کولڈ ڈرنکس، مشروبات، قلفی، آئس کریم، برف سمیت گرمیوں کی مصنوعات کی خصوصی نگرانی کر رہی ہیں۔ ملاوٹ اور جعل سازی کرنے والوں کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی مکروہ دھندے میں ملوث تمام فیکٹریاں جڑ سے اکھاڑ دی جائیں گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی صاف ستھری ،معیاری اورحفظان صحت اصولوں کے مطابق اشیاء خورونوش بنانے والوں کی حوصلہ افزائی بھی کر رہی ہے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -