مالی نقصانات کے تخمینے کیلئے پولیٹیکل ایجنٹ کی سربراہی میں کمیٹی قائم

مالی نقصانات کے تخمینے کیلئے پولیٹیکل ایجنٹ کی سربراہی میں کمیٹی قائم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


میران شاہ(مانیٹرنگ ڈیسک ،صباح نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ کی ہدایت پر قبائلی تاجروں کے مسائل کے حل کے لئے جرگہ ہوا۔قبائلیوں کی فورسز کے ساتھ مل کر قیام امن کیلئے قربانیوں کو سراہا گیا ہے۔ جرگہ سے خطاب میں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ عوامی مسائل کا حل ریاست کی اولین ترجیع ہے امن کو ملک دشمن کے ہاتھوں خراب نہیں ہونے دیں گے ۔ آپریشنز سے دہشتگردی ختم ہوئی اب پہلے سے بہتر ماحول ملے گا۔ قبائلیوں نے فورسز کے ساتھ مل کر قیام امن کیلئے بڑی قربانیاں دیں ۔ ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق آرمی چیف کی ہدایت پر تاجر مسائل کے حل کا یہاں جرگہ ہوا ۔ شمالی وزیرستان میں تاجروں کے مالی نقصانات کے ازالے کے حوالے سے یہ جرگے منعقدکیا گیا ۔ میران شاہ میں اس جرگہ میں ڈی جی آئی ایس پی آرنے خصوصی شرکت کی ۔جرگے میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹاقبائلی تاجر رہنما بھی شریک ہوئے ۔ ٹی وی رپورٹ کے مطابق جرگے میں مالی نقصانات کے تخمینے کیلئے پولیٹیکل ایجنٹ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ جرگے نے فیصلہ کیا کہ نقصانات کاسروے مکمل ہونے کے بعد انتظامیہ فوری ازالہ کرے گی ۔ تاجر نمائندگان نے انتظامیہ اور جرگے پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر تاجر رہنما نے کہا کہ ہمارے مسائل مقامی نوعیت کے ہیں حکومت ہی حل کرسکتی ہے ۔ صدر میران شاہ مارکیٹ محمد صدیق نے کہا کہ ہمارے مسائل باہر سے نہیں آپس میں مل بیٹھ کر حل ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے پاکستان ، پاکستان ہے تو ہم ہیں ۔ ہم علاقے میں امن بحالی کے مخالفین کے ہاتھوں میں نہیں کھیلیں گے ۔ ریاستی اداروں کے خلاف کسی بھی قسم کی مہم میں شریک نہیں ہوں گے ۔ تاجر رہنما اجمل بلوچ نے کہا کہ مسائل کے حل کیلئے ڈی جی آئی ایس پی آر کے مشکور ہیں جبکہ پولیٹیکل انتظامیہ نے کہا کہ نقصانات کے ازالے تک کمیٹی ہفتہ وار اجلاس منعقد کرے گی ۔ میران شاہ اور میر علی بازاروں کیلئے دو کمیٹیاں تشکیل دی گئیں ہیں دونوں کمیٹیاں مقررہ مدت میں دکانداروں کے نقصان کا تخمینہ لگائیں گی ۔ عمائدین اور مشران کے ساتھ مل کر علاقے کا امن بحال رکھیں گے ۔ جرگے کے اختتام قبائلی عمائدین کے پاک فوج اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔دریں اثناء پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ مشکل و قت گزر چکا ہے اچھا دور آرہا ہے ، پاکستان بھر میں پائیدار قیام امن تک مل کر جدوجہد کرنی ہے ، شمالی وزیرستان سمیت ملک بھر میں امن کے ثمرات مستحکم کر رہے ہیں ۔ اتوار کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ شمالی وزیرستان سمیت ملک بھر میں امن کے ثمرات مستحکم کر رہے ہیں ،امن کے سفر کے دوران بہت سی مشکلات کا سامنا رہا ، مشکل وقت گزر چکا ہے اچھا دور آرہا ہے ، آئیں متحد رہیں ، مشکلات اور آسانیاں مشترک ہیں ، پاکستان بھر میں پائیدار قیام امن تک مل کر جدوجہد کرنی ہے۔
جرگہ

جرگہ

مزید :

صفحہ اول -