ن لیگ میں شمولیت کی خبریں جھوٹ ہیں، فردوس عاشق اعوان

ن لیگ میں شمولیت کی خبریں جھوٹ ہیں، فردوس عاشق اعوان

  

سیالکوٹ (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ن لیگ میں شمولیت کے حوالے سے خبریں بے بنیاد اور حقیقت کے برعکس قرار دے دیدیں۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہنا تھا( ن) لیگ کے سیاسی تابوت میں کیل ٹھوکنے کیلئے دن رات حلقہ میں محنت کر رہی ہوں۔ میں نے تحریکِ انصاف کے پلیٹ فارم سے ن لیگ کی عوام دشمن پالیسی اور ملک دشمن اقدامات اور بیڈ گورننس کو ہر سطح پر اجاگر کیا۔ یہ ممکن نہیں میں ن لیگ میں چلی جاؤں اور اس کیساتھ سیاسی رفاقت رکھوں۔ان کا کہنا تھا موجودہ حکومت نے پاکستان کو دیمک کی طرح چاٹا اور کنگال کیا۔ حکومت نے پاکستان کے تمام اداروں کو گھر کی لونڈی سمجھ رکھا ہے۔ ن لیگ ہمیشہ عدلیہ اور قومی و سلامتی اداروں کے خلاف سازش کرتی رہی ہے۔ ن لیگ کیساتھ میرا نظریہ اور سوچ نہیں ملتی۔ ن لیگ نے سیاست کو روزگار اور کاروبار سمجھا ہے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی کارکن ہوتے ہوئے کیسے ممکن ہے کہ میں مافیا کا حصہ بنوں۔ میرے سیاسی حریف اور ن لیگ میرے خلاف سازشیں کر رہی ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -