پی پی (ورکرز ) کا پنجاب سے اپنے امیدوار میدان میں اتارنے کا فیصلہ

پی پی (ورکرز ) کا پنجاب سے اپنے امیدوار میدان میں اتارنے کا فیصلہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی (ورکرز ) نے 2018ء کے عام انتخابات میں پنجاب سے اپنے امیدوار میدان میں اتارنے کا فیصلہ کر لیا جبکہ صفدر عباسی اور ناہید خان کا کہنا ہے کہ سندھ میں گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس کا حصہ بن چکے ہیں، پنجاب میں بھی اتحاد کیلئے سیاسی جماعتوں سے رابطے کیے جائیں گے ۔ پیپلز پارٹی (ورکرز) پنجاب کی ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس سربراہ صفدر عباسی کی زیر صدارت میں ہوا جس میں بینظیر بھٹو شہید کی سابق پولیٹیکل سیکرٹری ناہید خان ،ابن رضوی ،احسان ،احمد ساجدہ میر ،سردار حُر بخاری ،ثقلین شیرازی ،رائے قیصر ،کنور زاہد ،رانا شبیر حیدر ،چوہدری اسلم سمیت دیگر نے شرکت کی ۔ اس موقع پر موجودہ سیاسی صورتحال اور خاص طور پر آئندہ انتخابات کے دوران پنجاب سے اپنے امیدوار کھڑے کرنے کے حوالے سے غور کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 2018ء کے عام انتخابات میں پنجاب سے اپنے امیدوار میدان میں اتارے جائیں گے ۔اس موقع پر صفدر عباسی اور ناہید خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ہزاروں کارکن ایسے ہیں جن کے پیپلز پارٹی کی موجودہ قیادت سے شدید اختلاف ہیں اور وہ آئندہ عام انتخابات میں پیپلز پارٹی (ورکرز ) کے امیدواروں کو ووٹ دیکر کامیاب کروائیں گے ۔ جبکہ عوام بھی آئندہ انتخابات میں اپنے سیاسی شعور کا مظاہرہ کریں گے اور شفافیت کے حامل لوگوں کو اسمبلیوں میں پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی موجودہ نام نہاد قیادت نے پارٹی کو بھٹو شہید اور بی بی شہید کے نظریات سے دور کر دیا ہے جس کا انہیں پہلے بھی نتیجہ بھگتنا پڑا ہے اور آئندہ بھی اس کے نتائج مختلف نہیں ہوں گے ۔
صفدر عباسی ،ناہید خان

مزید :

صفحہ آخر -