سینٹ کی طرح عام انتخابات فضول ایکسر سائز ہو گی : سراج الحق
مردان(بیورورپورٹ) جماعت اسلامی کے امیر سینٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ سینٹ کی طرح عام انتخابات فضول ایکسرسائز ہوگی کلین پاکستان کیلئے کلین لیڈر کا ہوناضروری ہے چیف جسٹس کے دورے عوام کے زخموں پر مرہم پٹی ہے ، پاکستان شہزادوں اور نواب زادوں نے نہیں بلکہ نوے فیصد عوام کی قربا نیوں سے بنا ہے۔ وی آئی پی کلچر نے پاکستان کو تباہ اورنئے نسل کو ا حسا س کمتری میں مبتلا کردیاہے وہ جماعت اسلامی ضلع مردان کے زیر اہتمام جامعہ اسلامیہ تفہیم القرآن میں منعقدہ 2روزہ اجتماع عام کے احتتامی سیشن سے خطاب کررہے تھے۔ اجتماع سے جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امرأ پروفیسر محمد ابراہیم خان ، حافظ محمد ادریس ، راشدنسیم ، صوبائی امیر سینیٹر مشتا ق احمد خان ، ضلعی امیر مولانا ڈاکٹر عطاالرحمان جنرل سیکرٹری غلام رسول نے بھی خطاب کیا ۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ ملک کے چند خانزا دوں اور شاہز ادوں نے پورا ملک یرغما ل بنایا ہے۔ حکومت فوج کی ہو یا جمہوریت کی وہ بھیس بدل کر اس میں براجمان ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سودی نظام نے معیشت کا بیڑا غرق کر دیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج ملک میں اربوں کی کرپشن ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جس بد ترین انداز میں سینیٹ میں خرید و فروخت ہوگئی اگر اسی طرح منڈیاں عام انتخابات میں لگ گئی تو ایسے الیکشن کا کوئی فائدہ نہیں ۔ الیکشن کمشنر سینیٹرز کو بلا کر ان سے حلف لے لیں اور جن ممبران نے ووٹ کی خرید و فروخت کئے ہیں انہیں نا اہل کیا جائے۔ سراج الحق نے کہا کہ وی آئی پی کلچر ملک کے خزانہ پر بوجھ ہے۔ اقتدار میں آکر وی آئی پی کلچر کا خاتمہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے پانچ سال میں عوام کے مفاد کے لئے کچھ نہیں کیا وہ اب ایک مرتبہ پھر حکومت کا مطالبہ کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے کارکن امربالمعروف اور نہی عن المنکر کا عظیم فریضہ انجام دیتے رہے ۔ پانچ وقت نماز کی پابندی اور اعلائے کلمۃ اللہ کے لئے ہر گھر کا دروازہ کھٹکھٹائے۔ صحابہ کرام نے اس دین کے پیغام کو پھیلانے کے لئے اپنا تن من قربان کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار میں آکر ملک کو ایک اسلامی فلاحی اور خوشحال پاکستان بنائیں گے۔ انہوں نے جتماع عام کے دوران سوشل میڈیا کے انچارج شادمان کریم کی نکاح بھی پڑھائی۔