بجلی بحران حل نہ کیا گیا تو سول نافرمانی کی تحریک چلائینگے،ڈاکٹر سلیم حیدر
کراچی (این این آئی) مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کراچی سمیت سندھ کے شہری علاقوں میں بجلی کے مصنوعی بحران پر وفاقی اور صوبائی حکومت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہاجروں سے ہر سطح پر ظلم و زیادتی کا سلسلہ جاری ہے ۔ کراچی اور حیدرآباد کے شہری سب سے زیادہ بجلی کا بل ادا کرتے ہیں لیکن اس کے باوجود حیسکو اور کے الیکٹرک کی انتظامیہ بجلی کا مصنوعی بحران پیدا کرکے یہاں آباد شہریوں کو عذاب میں مبتلا کئے ہوئے ہے۔
انہوں نے کہاکہ سندھ کے وہ دیہی علاقے جہاں 100فیصد بجلی چوری کی جاتی ہے اور خود واپڈا کے ریکارڈ کے مطابق وہاں سے ریکوری نہ ہونے کے برابر ہے لیکن ان علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کم ہے جبکہ شہری علاقوں میں جہاں بجلی کی لوڈشیڈنگ کئی گنا زیادہ کی جارہی ہے۔ اگر وفاقی اور صوبائی حکومت نے اپنا قبلہ درست نہ کیا تو سندھ کے شہری علاقوں میں سول نافرمانی کی تحریک شروع کی جائیگی۔ کیونکہ یہ ممکن نہیں کہ بجلی کے بل کی ادائیگی کے باوجود شہری علاقوں کے مہاجر بجلی کے حصول کیلئے بھکاریوں کی طرح دھکے کھاتے رہیں۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی حکومت مہاجروں کو مسلسل انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنارہی ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پیپلزپارٹی کے حکمرانوں نے ماضی سے سبق سیکھنے کے بجائے اپنی انتقامی کارروائیوں میں مزید شدت پیدا کردی ہے۔
ڈاکٹر سلیم حیدر