مظفرآباد،بھکاریوں کی بھرمار،ضلعی انتظامیہ کی پابندی ٹھس ہوگئی
مظفرآباد(بیورورپورٹ)ضلعی انتظامیہ کی طرف سے لگائی جانے والی پابندی ٹھس، دارالحکومت میں بھکاریوں کی بھرمار، وارداتوں میں اضافہ، شہریوں کا پیدل چلنا بھی بھکاریوں نے دو بھر کر دیا۔تفصیلات کے مطابق پنجاب،کے پی کے اور سندھ سے تعلق رکھنے والے درجنوں بھکاریوں نے پاکستان میں گرمی کی شروعات ہوتے ہی آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کا رخ کر لیا۔چوکوں چوراہوں، سرکاری دفاتر بازاروں مارکیٹوں،ہسپتالوں میں بھکاریوں نے عوام کو ان کے پیاروں کے واسطے دیکر بھاری رقم مانگنا شروع کر دی۔امبور ہسپتال میں مریضوں کو بھی بھکاریوں نے نابخشا،مریضوں کے لواحقین کو بھکاریوں نے تنگ کرنا شروع کر دیا ہے۔ضلعی انتظامیہ نے غیر ریاسی بھکاریوں پر پابندی عائد کر رکھی ہے اس کے باوجود ہر گزرتے روز کے ساتھ بھکاریوں کے گروہ دارالحکومت مظفرآباد اور جڑواں اضلاع میں آرہے ہیں اور مختلف تھانوں کی حدود میں بغیر کسی رجسٹریشن کے مکانات کمرے کرائے پر رہائش پذیر ہیں۔انتظامیہ کی خاموشی پر شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ بھکاریوں کو فوراً ریاست بدر کیا جائے۔