سعودی عرب میں ٹریفک حادثہ، 4 برطانوی معتمرین جاں بحق
ریاض(این این آئی)سعودی عرب میں ایک ٹریفک حادثے کے باعث 4 برطانوی معتمرین جاں بحق اور 12 زخمی ہو گئے۔
برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب میں موجود برطانوی مسلمان باشندوں کی بس کو اس وقت حادثہ پیش آیاجب وہ مدینہ سے مکہ جاتے ہوئے آئل ٹینکر سے جا ٹکرائی اور ایندھن کی وجہ سے بس آگ کا گولہ بن گئی۔برطانوی وزارت خارجہ نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب میں عمرہ کی ادائیگی کے لیے جانے والے 4 برطانوی شہری ایک حادثے میں جان کی بازی ہار گئے ہیں اس حوالے سے مزید تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔دوسری جانب ٹریول کمپنی کا کہنا تھا کہ ان کی ایک بس کو مدینہ سے مکہ جاتے ہوئے آئل ٹینکر نے ٹکر ماری جس میں 4 برطانوی شہری جاں بحق اور دیگر 12 زخمی ہوئے ہیں اب ان کی شناخت کا عمل جاری ہے۔