متحدہ عرب امارات میں سینکڑوں پاکستانی طالب علموں کا مستقبل خطرے میں پڑگیا کیونکہ۔۔۔ انتہائی تشویشناک خبر آگئی
ابوظہبی(مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ عرب امارات کی ریاست فجیرہ میں پاکستانی کمیونٹی کے سینکڑوں بچوں کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے کیونکہ اس علاقے میں قائم واحد پاکستانی سکول مناسب عمارت نا ہونے کی وجہ سے بند ہو سکتا ہے۔ خلیج ٹائمز کے مطابق اسلامیہ ہائر سکینڈری سکول میں 480 سٹوڈنٹ زیر تعلیم ہیں جبکہ 150 مزید داخلے کے منتظر ہیں، مگر وزارت تعلیم نے مزید داخلوں پر پابندی لگادی ہے۔ سکول کو حکم دیا گیا ہے کہ موجودہ عارضی انتظام کا خاتمہ کرتے ہوئے کنکریٹ کی مضبوط اور بہتر بلڈنگ کا انتظام کیا جائے۔
رپورٹ کے مطابق اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے کوآرڈینیٹر کیپٹن عاصم ملک نے بتایا کہ نئی عمارت کے لئے 60 لاکھ درہم کی رقم درکار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نئی عمارت کے لئے سکول کو مارچ 2019ءکی تاریخ دی گئی ہے۔ انہوں نے اس بات سے اتفاق کیا کہ سکول کی عمارت سے متعلق پہلے بھی شکایات موصول ہوتی رہی ہیں لیکن اس بات پر توجہ نہیں دی گئی ہے، جبکہ کمیونٹی کی جانب سے فنڈز کے وعدے کے باوجود فنڈز فراہم نہیں کئے گئے۔