عامر خان کو نہیں چھوڑ سکتے: ایم کیو ایم بہادر آباد

عامر خان کو نہیں چھوڑ سکتے: ایم کیو ایم بہادر آباد
عامر خان کو نہیں چھوڑ سکتے: ایم کیو ایم بہادر آباد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) ایم کیو ایم بہادر آباد کا کہنا ہے کہ وہ عامر خان کو نہیں چھوڑ سکتے ،انہیں پارٹی نے سینئر ڈپٹی کنوینر منتخب کیا تھا اور وہ آج بھی اس عہدے پر اپنے فرائض نبھا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق فاروق ستار کی پریس کانفرنس کے جواب میں ایم کیو ایم پاکستان (بہادر آباد گروپ) نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عامر خان پر الزامات لگا کر فاروق ستار اپنی ذمہ داریوں سے کوتاہی کرتے نظر آ رہے ہیں۔ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ اگست 2016 کے بعد رابطہ کمیٹی نے فاروق ستار کی سربراہی میں ہی عامر خان کو سینئر ڈپٹی کنوینر منتخب کیا تھا اور وہ آج تک اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھا رہے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ فاروق ستار بخوبی آگاہ ہیں کہ سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان کی ایم کیو ایم میں واپسی کا پالیسی فیصلہ کس کا تھا اور اس فیصلے سے قبل عامر خان سے ایم کیو ایم کے جس وفد نے ملاقات کی تھی وہ خود اس کا حصہ تھے، 7 برس بعد اس فیصلے پر نکتہ چینی سمجھ سے بالاتر ہے۔
خیال رہے فاروق ستار نے گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ بہادر آباد رابطہ کمیٹی کو تسلیم کرنے کے لیے تیار ہیں لیکن ان کے یا عامر خان میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہو گا۔ایم کیو ایم پاکستان (پی آئی بی گروپ) کے سربراہ کا کہنا تھا کہ عامر خان جرائم میں ملوث افراد کو ٹاون اور یوسیز میں لگا رہے ہیں، ایسی ایم کیو ایم میں کام نہیں کر سکتا جس میں بدنام زمانہ لوگ ہوں۔