وزیراعظم سے سری لنکن آرمی کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سے ملاقات، دوطرفہ دفاعی تعلقات اور باہمی تعاون سے متعلق امور پرگفتگو
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور سری لنکن آرمی کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل مہیش سینا نائیکے کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ دفاعی تعلقات اور باہمی تعاون سے متعلق امور پرگفتگوہوئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور سری لنکن آرمی کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل مہیش سینا نائیکے کے درمیان ہونے والی ملاقات میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیکورٹی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ ملاقات میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ علاقائی امن دونوں ممالک کا مشترکہ مقصد ہے جو دفاع کے میدان میں وسیع تر تعاون اور مہارت کے تبادلے کا متقاضی ہے۔اس ملاقات کے دوران دوطرفہ دفاعی تعلقات اور باہمی تعاون سے متعلق امور پر بات چیت ہوئی۔
لیفٹیننٹ جنرل مہیش سینا نائیکے نے پرتپاک خیر مقدم پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دہشت گردی کی لعنت کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم اور اس کی بہادر مسلح افواج کی خطیر قربانیوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید تقویت دینے اور سیکورٹی و دفاع کے شعبوں میں کثیر الجہتی تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔