سری لنکا ، بم دھماکوں میں ہلاکتوں کی تعداد 300ہوگئی ، 24ملزم گرفتار ، کرفیو ختم
کولمبو(آئی این پی،مانیٹرنگ ڈیسک) سری لنکا میں مسیحی تہوار ایسٹر کے موقع پر بم حملوں میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 300ہوگئی ہے اور سینکڑوں زخمی ہیں،ملک میں ہر طرف سوگ کا سماں اور ہر آنکھ اشک بار ہے۔حکومت نے گزشتہ روز کرفیو ختم کردیا جبکہ سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 24مشتبہ ملزمان کو حراست میں لے لیا ۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق سری لنکا میں مسیحی تہوار ایسٹر کے موقع پر بم حملوں کے زخمیوں میں سے متعدد افراد کی حالت تشویش ناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ہلاک شدگان میں5برطانوی، 2امریکی، 6بھارتی، ڈنمارک کے 3اور پرتگال کا ایک شہری شامل ہے۔ ملک کے ہسپتال لاشوں اور زخمیوں سے بھر گئے ہیں۔ ہر طرف سوگ کا سماں ہے اور ہر آنکھ اشک بار ہے۔ حکومت نے صورتحال کو کنٹرول کرنے اور افواہوں کی روک تھام کیلئے عارضی طور پر فیس بک اور واٹس ایپ سمیت سماجی رابطوں کی ویب سائٹس بند کردی ہیں۔
سری لنکا/ہلاکتیں