ہسپتال انتظامیہ اور عملے کی بے حسی کا ایک اور واقعہ، دانت میں درد کے علاج کیلئے جانیوالی 25 سالہ لڑکی مبینہ زیادتی اور غلط انجیکشن لگنے سے جاں بحق، اہلخانہ کھل کر سامنے آگئے
کراچی (ویب ڈیسک) کراچی میں ہسپتال انتظامیہ اور عملے کی بے حسی کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا، دانت میں درد کے علاج کیلئے کورنگی کے سرکاری ہسپتال جانے والی 25 سالہ عصمت جونیجو مبینہ زیادتی اور غلط انجیکشن لگنے سے جاں بحق ہوگئی۔
جیو نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی میں سندھ گورنمنٹ ہسپتال کے اندر غلط انجیکشن اور مبینہ زیادتی سے جاں بحق ہونے والی عصمت کے اہل خانہ نے پولیس تفتیش پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر شکیل کو شامل تفتیش کرنے کا مطالبہ کردیا۔کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عصمت جونیجو کے اہلخانہ نے پولیس کی تفتیش پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کورنگی کے سرکاری ہسپتال میں ڈاکٹر شکیل لوگوں کو تنگ کرتا ہے، ڈاکٹر شکیل کی وجہ سے عصمت نے بھی سندھ گورنمنٹ ہسپتال سے نوکری چھوڑی تھی اور وہ ایک نجی ہسپتال کے لیے کام کررہی تھی۔اہل خانہ نے بتایا کہ عصمت چند روز قبل دانت کے درد کے علاج کیلئے ہسپتال گئی پھر اس کی لاش واپس آئی، مقتولہ کی خالہ نے الزام عائد کیا کے عوامی کالونی پولیس کیس کی ٹھیک تفتیش نہیں کر رہی۔
دوسری جانب جوڈیشل مجسٹریٹ ایسٹ کی عدالت میں عصمت کی ہلاکت سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران گرفتار تین ملزمان عامر، شاہ زیب اور ولی محمد کو پیش کیا گیا۔عدالت نے ملزمان کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا، تفتیشی افسر کا کہنا ہے کہ سرکاری ہسپتال کا ڈاکٹر فرار ہوگیا ہے، ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
ادھر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی عصمت کی ہلاکت کا نوٹس لے لیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ بتایا جائے مریضہ سے زیادتی اور قتل میں کون سے عناصر ملوث ہیں؟انہوں نے کہا کہ دانت کی تکلیف میں مبتلا مریضہ کی ہلاکت تکلیف کا باعث ہے، بتایا جائے مقدمہ درج ہونے کے بعد پولیس نے تفتیش میں کیا پیشرفت کی ہے، اس طرح کے واقعات ناقابل برداشت ہیں۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں واقع نجی ہسپتال میں ایک بچی نشویٰ کو غلط انجیکشن لگادیا گیا تھا جس کی وجہ سے بچی کا دماغ 71 فیصد مفلوج ہوگیا تھا۔ بچی کئی روز ہسپتال میں زندگی و موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد بالآخر دم توڑ گئی۔