پاکستانی دلہن کی شادی کی تقریب میں اونٹ پر آمد، سوشل میڈیا پر طوفان آگیا
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) شادی پر دلہنیں اپنے ملبوسات اور زیورات کے متعلق تو متفکر ہوتی تھی لیکن اب کچھ ایسا رجحان چل نکلا ہے کہ شادی اور مہندی جیسی تقاریب میں دلہنیں اپنی ’انٹری‘ کو لے کر بھی بہت اہتمام کرنے لگی ہیں۔ اب اس دلہن ہی کو دیکھ لیں جو اونٹ پر بیٹھ کر اپنی مہندی کی تقریب میں پہنچ گئی۔ ویب سائٹ ’پڑھ لو‘کے مطابق منظرعام پر آنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گوٹاکناری والے زرق برق لباس میں گھونگھٹ نکالے دلہن پھولوں سے سجے اونٹ کے اوپر بیٹھ کر اپنی مہندی کی تقریب میں آتی ہے۔
اونٹ کی نکیل ساربان کے ہاتھ میں ہوتی ہے اور اس کے آگے دو لڑکیاں مہندی کی پلیٹیں لے کر چل رہی ہوتی ہیں۔ لڑکی تو شاید اپنی اس منفرد انٹری پر بہت خوش ہو گی لیکن انٹرنیٹ صارفین کو اس کا یہ کام ایک آنکھ نہیں بھایا اور وہ کمنٹس میں اسے تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔ ایک شخص نے کمنٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ”میں قسم کھا کر کہتا ہوں کہ لوگ پاگل ہو گئے ہیں۔“ ایک اور نے کہا کہ ”پتا نہیں لوگ ایک دوسرے سے آگے نکلنے کے چکر میں کیا کچھ کر گزرتے ہیں۔“ منزا نامی لڑکی نے لکھا کہ ”اور کوئی جانور رہ تو نہیں گیا؟“ ایک لڑکی نے کہا کہ ”اب نیکسٹ ایسا کرو کہ مگرمچھ کا منہ کھلے اور اس میں سے دلہن نکلے۔“