حکومت نے دوا ساز کمپنیوں کیخلاف ایکشن کا اعلان کردیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ایران ہمارا برادر اسلامی ملک ہے،ایران نے تنازعہ کشمیر کو تسلیم کیاہے ، ایران کے ساتھ کچھ غلط فہمیاں پیدا ہورہی تھیں جن کا تدارک ضروری تھا ،وزیر اعظم کا دورہ بہت اہم تھا ، میڈیا کی مثبت تجاویز کا خیر مقدم کریں گے ، وزیر اعظم آئندہ ماہ چین جارہے ہیں،، جلد سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے اد ویات کی قیمتیں کم کی جائیں گی اور جو منافع کمایا گیاہے اس کو ادویہ ساز کمپنیوں سے واپس لیکر بیت المال میں جمع کروایا جائیگا ۔
تفصیلات کے مطابق کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے فردو س عاشق اعوان نے کہاہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے دورہ ایران پر کابینہ کو اعتماد میں لیاہے ،پاکستان کی معیشت کا پہیہ چلے گا تو لوگوں کے گھر کا چولہا چلے گا ، حکومت عوام کی مشکلات کم کرنا چاہتی ، وزیر اعظم چائنہ کے ساتھ فری ٹریڈ معاہدے پر دستخط کرنے جارہے ہیں ، یہ معاہدہ اس سے قبل بھی کیا گیا تھا لیکن کئی خلا موجود رہے ۔آج کابینہ کو بتایا گیاہے کہ وزیر اعظم کی کامیاب حکمت عملی کی وجہ سے چائنہ کی طرف سے تمام سہولیات جو آسیان ممالک کوحاصل ہیں ، وہی سہولیات پاکستان کوبھی دی جارہی ہیں ، یہ ہماری بہت بڑی کامیابی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ادویات کی قیمتوں میں اضافے سے پاکستان میں بہت زیادہ بے چینی تھی، اس پر صحت کے مشیر نے وزیر اعظم کو بریفنگ دی ہے، جلد سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے قیمتوں کم کی جائیں گی اور جو منافع کمایا گیاہے اس کو ادویہ ساز کمپنیوں سے واپس لیکر بیت المال میں جمع کروایا جائیگا ، ایل این جی پر جو سابقہ حکومت نے معاہدے کئے ہیں ، اس پربھی بریفنگ دی گئی ، اب جو معاہدے ہوں گے ان سے کسی کی ذات کو فائدہ نہیں ہوگا بلکہ پاکستان کے عوام کو فائدہ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ کے اجلاس میں مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند کرنے کیلئے اقدامات پر غور کیاگیاہے ، رمضان میںمہنگائی کے جن کو بوتل میں بند کیا جائیگا ،بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ رکھی ہے ۔