چیئر مین نیب سے بلوچستان کے وکلاءکی ملاقات
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )چیئر مین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال سے بلوچستان کے وکلاءکے ایک وفد نے ملاقات کی جس میں انہوں نے نیب کی کارکردگی کو سراہا ۔قومی احتساب بیورو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ملاقات میں نیب بلوچستان کی کارکردگی پر تبادلہ خیال کیا گیا اور وکلا ءکے مسائل کا بھی جائزہ لیا گیا ۔چیئر مین نیب نے وکلاءکو درپیش مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔بلوچستان کے وکلاءکے وفد جس میں حاجی عطاءاللہ لانگو ،وائس چیئر مین بلوچستان بار کونسل ،راہب خان بلیدی ،چیئر مین ایگزیکٹو کمیٹی ،منیر احمد خان کاکڑ ،ممبر جو ڈیشل کمیشن آف پاکستان اور محمد سلیم سلہری ایڈووکیٹ شامل تھے نے ملک سے بد عنوانی کے خاتمے کے لیے نیب جو کاوشیں کر رہا ہے اس میں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلا یا ۔اس موقع پر جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا کہ ملک سے بد عنوانی کا خاتمہ نیب کی اولین ترجیح ہے ۔نیب احتساب سب کے لیے کی پالیسی پر عمل پیر ہے ۔نیب نے گزشتہ سولہ ماہ کے اندر جو اقدامات اٹھائے ہیں ان کی وجہ سے ملک سے بد عنوانی کے خاتمے اور بد عنوان عناصر کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچا یا جا رہا ہے جس کا اعتراف معتبر ملکی اور غیر ملکی اداروں نے اپنی رپورٹس میں واضح طور پر کیا ہے ۔