19مئی تک بھارت کی جانب سے حملے کے خدشات موجود ہیں، وزیر خارجہ
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ بھارت کی طرف سے حملے کا اندازہ نہیں تھا بلکہ ہمارے پا س معلومات تھیں اور ابھی بھی خدشہ ہے کہ 19مئی تک جب تک بھارت میں انتخابات نہیں ہوتے بھارت کی جانب سے کوئی حرکت کی جاسکتی ہے ۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”نقطہ نظر “ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جرمنی کے ساتھ تعلقات کو وسعت دے رہے ہیں ، یہ یورپ کا بہت اہم ملک ہے ، وزیر اعظم جرمنی اور جاپان کے حوالے سے اشارہ کررہے تھے کہ یورپ میں ایسے ممالک موجود ہیں جن میں جنگیں ہوئیں لیکن پھر وہ حلیف بن گئے اور مل کر یورپی یونین بھی بنائی ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت جس قسم کی بیان بازی انڈین میڈیا کررہاہے تو ایسے میں ان سے کیاتوقع کی جاسکتی ہے ؟ وہ پاکستان کے خلاف زہر اگل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے حملے کا اندازہ نہیں تھا بلکہ ہمارے پا س معلومات تھیں اور ابھی بھی خدشہ ہے کہ 19مئی تک جب تک بھارت میں انتخابات نہیں ہوتے بھارت کی جانب سے حملہ ہوسکتا ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ کابینہ میں رد بدل ہوتا رہتاہے ، کیا یہ پاکستان کی کابینہ میں پہلی بار کسی حکومت نے ردبدل کیاہے ، اس میں کوئی انوکھی بات نہیں ہے ، یہ ہوتا رہتاہے ، میں نہیں سمجھتا کہ اسد عمر ناکام ہوئے ، اسدعمرنے پاکستان کی معیشت کو سہارا دیااور میں ان کوخراج تحسین پیش کرنا چاہوں گا ، دورہ ایران میں وزیراعظم کے ایک جملے کو اٹھا کر پوری کہانی تراشی گئی۔ وزیراعظم کہنا چاہتے تھے کہ ماضی کے حریف حلیف بھی بن جاتے ہیں۔ عمران خان نے کہا اپنی سرزمین دہشت گردی کیلئے استعمال نہیں ہونے دیں گے۔