وزیر اعظم نے ایران جاکر صرف ایک کام کیا ، نبیل گبول کی رائے
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پیپلز پارٹی کے رہنما نبیل گبول نے کہاہے کہ وزیر اعظم نے ایران جاکرصرف ایک کام کیاہے کہ شیریں مزاری کو برقع پہنا دیا ۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”آن دا فرنٹ“میں گفتگو کرتے ہوئے نبیل گبول نے کہا کہ ایران میں وزیر اعظم کابیان سن کر مجھے حیرانگی نہیں ہوئی کیونکہ مجھے پتہ تھا کہ عمران خان کی زبان سے یہ باتیں نکلی ہیں اور مزید نکلیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ایک سیاستدان نہیں ہیں بلکہ ایک سپورٹس مین ہے اور ایک سپورٹس مین جب ریٹائرڈ ہوجاتاہے تو اس جیسی حرکتیں کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ایران میں اپنے آپ کو مزید بدنام کیاہے ، ایران کے علاقے شیراز میں را ءکا ہیڈ کوارٹر ہے جہاں بی ایل اے کے لوگ جاکر اسلحہ لیتے ہیں اور بلوچستان میں آکر کارروائیاں کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران سے ہم پر حملے ہورہے ہیں اور ہم الٹا کہہ رہے ہیں کہ ہماری زمین آپ کے خلاف استعمال نہیں ہوگی ، عمران خان ایران کیا لینے گئے تھے ، وزیر اعظم نے ایران جاکرصرف ایک کام کیاہے کہ شیریں مزاری کو برقع پہنا دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار کو ہٹانے کی با ت کی گئی تھی لیکن عثمان بزدار نے آگے سے دھمکی دی ہے اور وہ دھمکی میں میڈیا پر نہیں بتا سکتا ۔