بھارت میں کورونا کی صورتحال تشویشناک، اداکارہ شسمیتاسین کو نیکی کرنی مہنگی پڑ گئی، سوشل میڈیا پر تنقید شروع ہو گئی

بھارت میں کورونا کی صورتحال تشویشناک، اداکارہ شسمیتاسین کو نیکی کرنی مہنگی ...
بھارت میں کورونا کی صورتحال تشویشناک، اداکارہ شسمیتاسین کو نیکی کرنی مہنگی پڑ گئی، سوشل میڈیا پر تنقید شروع ہو گئی
سورس: Twitter/@thesushmitasen

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ممبئی (ویب ڈیسک) سابق مس ورلڈ اور اداکارہ سشمیتا سین ممبئی کے بجائے دہلی میں کورونا کے مریضوں کے لیے آکسیجن سلنڈرز کا انتظام کرنے پر سوشل میڈیا صارفین کے ہاتھوں تنقید کا نشانہ بن گئیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی کے شانتی مکند ہسپتال کے سی ای او سنیل ساگر میڈیا کو کورونا کی صورتحال اور ہسپتال میں آکسیجن سلنڈرز کی کمی کے بارے میں بتاتے ہوئے جذبات پرقابو نہ رکھ سکے اور روپڑے۔

بھارتی اداکارہ سشمیتا سین نے یہ ویڈیو ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے لکھا یہ بہت افسوسناک ہے۔ آکسیجن کی کمی کا بحران ہر جگہ موجود ہے۔ سشمیتا نے لکھا میں نے دہلی کے اس ہسپتال کے لیے چند آکسیجن سلنڈرز کا انتظام کرلیا ہے لیکن مشکل یہ ہے کہ ان آکسیجن سلنڈرز کو ممبئی سے دہلی بھیجنے کے لیے کوئی راستہ نہیں ہے۔ اداکارہ نے تمام لوگوں سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ یہ سلنڈرز دہلی پہنچانے میں ان کی مدد کریں۔

ٹوئٹر پر جہاں لوگوں نے سشمیتا کے اس اقدام کو سراہا وہیں کچھ لوگوں نے ان پر تنقید کی کہ اگر آکسیجن کی کمی کا بحران ہر جگہ موجود ہے تو آپ ان سلنڈرز کو دہلی کیوں بھیج رہی ہیں۔ دہلی بھیجنے کے بجائے آپ ان سلنڈرز کو ممبئی میں کسی نزدیکی ہسپتال میں بھی بھیج سکتی ہیں۔

سشمیتا سین نے اس شخص کو جواب دیتے ہوئے کہا ممبئی میں ابھی بھی آکسیجن سلنڈرز موجود ہیں اور اسی وجہ سے میں ان سلنڈرز کا انتظام کرنے میں کامیاب ہوئی ہوں۔ لیکن دہلی میں آکسیجن سلنڈرز کی کمی ہے اور وہاں ان کی زیادہ ضرورت ہے۔ خاص کر چھوٹے ہسپتالوں میں لہذا اگر آپ بھی مدد کرسکتے ہیں تو کریں۔

واضح رہے کہ بھارت میں کورونا کی صورتحال انتہائی خطرناک ہوچکی ہے۔ بھارت میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 3 لاکھ 32 ہزار 730 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ بھارتی وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مریضوں کی یہ تعداد عالمی سطح پر یومیہ متاثرین کی ریکارڈ تعداد ہے۔ جب کہ ایک دن میں 2 ہزار 263 مریض کورونا کے باعث جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

مزید :

تفریح -