دبئی میں واٹس ایپ کے ذریعے پیسے مانگنے والا ’سائبر بھکاری‘ پکڑا گیا
دبئی (ویب ڈیسک) بھکاریوں کے خلاف تازہ کارروائی میں دبئی پولیس نے ایک ایسا بھکاری گرفتار کیا ہے جو واٹس ایپ کے ذریعے بھیک مانگتا ہے۔
پولیس کے مطابق انہوں نے ایک عرب ’’سائبر بھکاری‘‘ گرفتار کیا ہے جو مقامی واٹس ایپ صارفین کے نمبر حاصل کرکے انہیں اپنی دکھ بھری داستان لکھ بھیجتا تھا اور ’’اللہ کے نام پر‘‘ مالی امداد مانگتا تھا۔ایکسپریس نیوز کے مطابق اس حوالے سے اپنی ایک ٹویٹ میں دبئی پولیس نے عوام الناس کو ایک بار پھر خبردار کیا ہے کہ وہ درد بھری کہانیاں سنانے والے بھکاریوں کے جھانسے میں نہ آئیں کیونکہ یہ جعلساز ہوتے ہیں اور ان کا واحد مقصد عام لوگوں کو بے وقوف بنا کر رقم اینٹھنا ہوتا ہے۔
#DubaiPolice arrests man for ‘Online Begging’ via WhatsApp pic.twitter.com/gcYMUJhP5A
— Dubai Policeشرطة دبي (@DubaiPoliceHQ) April 21, 2021
ٹویٹ میں ’’سوشل میڈیا استعمال کرنے والے بھکاریوں‘‘ سے متعلق بھی خصوصیت سے بتایا گیا ہے جو رمضان کے مقدس مہینے میں زکوۃ، صدقات و خیرات سمیٹنے کےلیے سرگرم ہوگئے ہیں اور منظم گروہوں کی شکل میں کام کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کے قانون کے مطابق، وہاں بھیک مانگنے والوں، بھیک منگوانے والوں اور بھیک منگوانے کی غرض سے مقامی یا غیر مقامی لوگوں کو بھرتی کرنے والوں کےلیے سخت سزا کے علاوہ ان پر ایک لاکھ درہم جرمانہ بھی کیا جا رہا ہے۔