جنوبی کوریا کی اپیل کورٹ نے مسجد کی تعمیر کے حق میں فیصلہ دے دیا

جنوبی کوریا کی اپیل کورٹ نے مسجد کی تعمیر کے حق میں فیصلہ دے دیا
جنوبی کوریا کی اپیل کورٹ نے مسجد کی تعمیر کے حق میں فیصلہ دے دیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

سیول (رضا شاہ) کوریا کے جنوب مشرقی شہر تھیگو میں ایک مسجد کی تعمیر کو معطل کرنے والے حکم کی منسوخی کیلئے کوشش کرنے والے مسلمانوں کے حق میں اپیل کورٹ نے فیصلہ سنا دیا ہے۔ اپیل میں شور اور دیگر مسائل کی شکایت کرنے والے رہائشیوں کی اپیل کو مسترد کیا گیا ہے۔

دارالحکومت سیول سے تقریباً 300 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع تھیگو کے شمالی ضلعی آفس نے ابتدائی طور پر ستمبر 2020 میں "دے ہئیونگ دونگ" کے رہائشی علاقے میں ایک مسجد کی تعمیر کی منظوری دی تھی لیکن رہائشیوں کی شکایات کے بعد گزشتہ سال فروری میں تعمیر کی معطلی کا حکم جاری کر دیا تھا۔ تعمیر کے لیے دباؤ ڈالنے والے مسلمانوں نے معطلی کے حکم کو منسوخ کرنے کے لیے مقدمہ دائر کیا اور ایک ضلعی عدالت نے گزشتہ سال ان کے حق میں فیصلہ سنایا تھا لیکن علاقے کے رہائشی کیس کو اپیل کورٹ میں لے گئے تھے۔

ضلعی عدالت کے حکم کے باوجود  تعمیراتی کام آگے نہیں بڑھ سکا کیونکہ رہائشیوں نے مسجد کی تعمیراتی جگہ کے داخلی راستوں کو اپنی گاڑیوں سے روک کر اور علاقے میں اسلام مخالف پوسٹرز اور بینرز لگا کر منصوبے میں رکاوٹیں ڈالنا شروع کر دی تھیں۔ رہائشیوں کا دعویٰ ہے کہ مسجد کی وجہ سے انہیں شور، آلودگی اور دیگر تکلیفوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اس کے علاوہ کوریا کے قومی انسانی حقوق کمیشن نے گزشتہ سال اکتوبر میں سفارش کی کہ ضلعی دفتر تعمیرات کو دوبارہ شروع کرنے کے لیے اقدامات کرے۔